ماحولیاتی آلودگی،لاہور پھر نمبرون!

ماحولیاتی آلودگی،لاہور پھر نمبرون!

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


ماحولیاتی آلودگی  پر قابو پانے کی تمام تر کوششوں کے باوجود آلودگی میں فرق نہیں آیا اور گذشتہ روز بھی آلودہ ترین شہروں میں لاہور نمبر لے گیا اور سب سے زیادہ آلودہ قرار دیا گیا۔ماحولیاتی آلودگی کے خلاف مہم جاری اور متعلقہ محکمے کا دعویٰ ہے کہ لاہور میں دھواں دینے والی کئی فیکٹریاں بند کر دی گئیں اور اکثر کو نوٹس دیئے گئے ہیں،آلودگی کے باعث موسمیاتی تبدیلیوں کی وجہ سے پوری دنیا متاثر ہے اور پاکستان میں بے وقت شدید بارشوں نے جو سیلابی کیفیت پیدا کی وہ سب بھی اسی وجہ سے ہوا۔حال ہی میں پاکستان میں آلودگی کے خلاف مہم شروع کی گئی، اعلان کیا گیا تھا کہ کھیتوں میں باقیات جلانے والوں کو  سزا دی جائے گی، دھوئیں والی فیکٹریاں اور بھٹہ خشت بھی اسی زد میں آئیں گے، جبکہ شہر میں کوڑا جلانے پر بھی پابندی ہے اور دھواں دینے والی گاڑیوں کی بندش کا بھی اعلان ہوا تاہم محکمہ کی اطلاع ہی کے مطابق متعدد اقدامات کئے گئے لیکن اثرات نظر نہیں آئے، نہ ہی شہر میں کوڑا جلانا بند کیا گیا اور دھواں دینے والی گاڑیوں کو بھی نہیں پوچھا جا رہا۔گزشتہ روز جوہر ٹاؤن اور اردگرد کے علاقوں میں دھواں بادلوں کی صورت میں موجود تھا اور صبح کے وقت بھی آلودگی نے شہر کو لپیٹ میں لے رکھا تھا۔ ضرورت اِس امر کی ہے کہ متعلقہ محکمے تندہی سے اپنا فرض نبھائیں اور شہریوں میں بھی شعور بیدار کیا جائے کہ سموگ صحت پر بھی اثرات مرتب کرتا ہے،لاہور اِس وقت بدترین فضا کا شکار ہے۔
٭٭٭٭٭

مزید :

رائے -اداریہ -