کاشتکار السی کی کاشت فوری شروع کردیں، محکمہ زراعت

  کاشتکار السی کی کاشت فوری شروع کردیں، محکمہ زراعت

  

فیصل آباد (اے پی پی):محکمہ زراعت پنجاب  نے کاشتکاروں کو ہدایت کی کہ وہ السی کی کاشت فوری طور پر شروع کردیں تاکہ بروقت کاشت مکمل ہونے کی صورت میں بہتر پیداوار کا حصول ممکن ہو سکے۔ ڈپٹی ڈائریکٹرمحکمہ زراعت توسیع فیصل آبادخالد محمودنے بتایاکہ السی کی کاشت 15 نومبر تک مکمل کی جاسکتی ہے۔ انہوں نے کہاکہ السی کی کاشت کیلئے درمیانی میرازمین کا انتخاب انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ انہوں نے کہاکہ کاشتکار السی کی منظور شدہ قسم چاندنی 1988 کی کاشت کیلئے زمین میں 2سے 3 مرتبہ مٹی پلٹنے والا ہل چلاکر اسے 2 سے 3 مرتبہ سہاگہ دیں تاکہ زمین نرم و بھربھری ہونے کیساتھ ساتھ بہترین طور پر تیار ہو سکے۔ انہوں نے بتایاکہ السی کی فصل کو بذریعہ ڈرل کاشت کرتے ہوئے اس کی قطاروں کا درمیانی فاصلہ بھی 30 سینٹی میٹر تک ہونا چاہیے۔ انہوں نے بتایاکہ نہری علاقوں میں 6کلو گرام فی ایکڑ اور بارانی علاقوں میں 8کلوگرام فی ایکڑ بیج ڈال کر بمپر کراپ حاصل کی جاسکتی ہے۔ انہوں نے بتایاکہ اس ضمن میں مزید رہنمائی و مشاورت کیلئے ماہرین زراعت یا محکمہ زراعت کے فیلڈ سٹاف سے بھی رابطہ کیاجاسکتاہے۔

مزید :

کامرس -