ٹی 20 ورلڈ کپ،جنوبی افریقہ کی دلچسپ مقابلے کے بعد بھارت کو شکست 

ٹی 20 ورلڈ کپ،جنوبی افریقہ کی دلچسپ مقابلے کے بعد بھارت کو شکست 

  

  پرتھ (سپورٹس رپورٹر)آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ کے سپر 12 مرحلے کے انتہائی اہم میچ میں جنوبی افریقہ نے مارکرم اور ملر کی نصف سنچروں کی بدولت بھارت کو شکست دیدی،بھارت نے جنوبی افریقہ کو جیت کیلئے 134 رنز کا ہدف دیا،جنوبی افریقہ نے ہداف آخری اوور میں 5 وکٹوں کے نقصان پر پورا کرلیا،جنوبی افریقی بولر لنگی این گیڈی کو تباہ کن بولنگ پرفارمنس پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔آسٹریلیا کے شہر پرتھ میں کھیلے جارہے گروپ 2 کے میچ میں بھارت نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔بھارت کا ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ سود مند ثابت نہیں ہوا اور وقفے وقفے سے اس کی وکٹیں گرتی رہیں، 8.3 اوور میں بھارت کی آدھی ٹیم صرف 49 رنز بنا کر پولین لوٹ گئی تاہم بھارت کی جانب سے سوریا کمار یادیو نے اچھی بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور 40 گیندوں پر 68 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی،سوریا کمار یادیو کے علاوہ کوئی اور بیٹسمین جنوبی افریقہ کی باؤلنگ کے سامنے ٹھہر نہ سکا،بھارتی کپتان روہت شرما 15، کے ایل راہول 9، ویرات کوہلی 12، ہاردک پانڈیا صفر رنز بنا سکے،اسی طرح وکٹ کیپر بیٹسمین دنیش کارتھک 6، اشون 7، اور شامی بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے۔بھارت کے مایہ ناز بلے باز اور پاکستان کے خلاف میچ کے ہیرو ویرات کوہلی نے میچ میں ایک اور سنگ میل عبور کیا اور ٹی 20 ورلڈ کپ میں ایک ہزار رنز بنانے والے دوسرے کھلاڑی کا اعزاز حاصل کیا۔جنوبی افریقہ کے تمام باؤلرز نے نپی تلی باؤلنگ کا مظاہرہ کیا اور بھارتی بلے بازوں کو کھل کر نہیں کھیلنے دیا اور بھارتی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 133 رنز ہی بناسکی۔پروٹیز کی جانب سے سب سے کامیاب باؤلر نگیدی رہے، انہوں نے 4 اوورز میں 29 رنز دے کر 4 کھلاڑی آؤٹ کیے۔اس کے علاوہ وین پارنیل نے 15 رنز دے کر 3، اور نورتیا نے 23 رنز دے کر ایک وکٹ حاصل کی۔ہدف کے تعاقب میں ابتدا میں جنوبی افریقی ٹیم مشکلات کا شکار رہی جہاں اس کی دو اہم وکٹیں 10 سے قبل ہی گر گئیں جبکہ 24 کے مجموعے تک کپتان ٹیمبا باووما بھی پویلین لوٹ گئے،ایسے میں ایڈن مارکرم اور ڈیوڈ ملر نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 76 رنز کی فتح گر پرفارمنس بنا کر اپنی ٹیم کو جیت کے قریب کردیا۔ ایڈن مارکرم 100 کے مجموعے پر 52 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، تاہم ڈیوڈ ملر نے رنز بنانے کا سلسلہ جاری رکھا اور آخری اوور میں دو لگاتار چھکے لگا کر اپنی ٹیم کو اہم جیت دلوائی، انہوں نے 59 رنز کی ناقابلِ شکست اننگز کھیلی، جنوبی افریقہ کی جانب سے دیگر کھلاڑیوں میں ٹمبا باووما 10 رنز بنا کر قابلِ ذکر کھلاڑی رہے، جنوبی افریقہ کی ٹیم ہداف آخری اوور میں 5 وکٹوں کے نقصان پر پورا کرنے میں کامیاب رہی، بھارت کی طرف سے ارشدیپ سنگھ 2 وکٹیں لے کر کامیاب بولر ٹھہرے جبکہ محمد شامی، ہاردیک پانڈیا اور روی ایشوین نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔ جنوبی افریقی بولر لنگی این گیڈی کو تباہ کن بولنگ پرفارمنس پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

بھارت  شکست 

مزید :

صفحہ اول -