کامونگے،عمران خان کے کنٹینر کے نیچے آکر چینل فائیو کی رپورٹر صدف نعیم جاں بحق،سپرد خاک

  کامونگے،عمران خان کے کنٹینر کے نیچے آکر چینل فائیو کی رپورٹر صدف نعیم جاں ...

  

        کامونکے،لاہور،اسلام آباد(نمائندگان پاکستان،مانیٹرنگ ڈیسک،نیوزایجنسیاں)کامونکی کے راستے میں تحریک انصاف کے لانگ مارچ میں عمران خان کے کنٹینر کے نیچے آکرنیوزچینل فائیوکی خاتون رپورٹر صدف نعیم جاں بحق ہوگئیں۔حادثے کے بعد عمران خان کا کنٹینر جی ٹی روڈ پر روک دیا گیا،ترجمان ریسکیو کے مطابق خاتون رپورٹر عمران خان کے کنٹینر سے اترتے ہوئے نیچے گری اور ٹائروں کے نیچے دب گئی۔ریسکیو 1122 کے عملے نے میت کوتحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال منتقل کر دیا،جنہیں بعدازاں لاہور کے علاقے اچھرہ میں انکے گھر منتقل کردیا گیا،جہاں رات گئے انکی تدفین کردی گئی۔حادثے کے بعد عمران خان نے مارچ روک دیا اور خطاب میں کہا کہ بدقسمتی سے ایک حادثہ ہوا ہے اور ہمیں مارچ روکنا پڑا ہے۔عمران خان نے اپنے ٹویٹ میں مزید لکھا کہ میرے پاس الفاظ نہیں کہ اپنا غم بیان کرسکوں، ان المناک گھڑیوں میں میری دعائیں اور ہمدردیاں انکے اہل خانہ کیساتھ ہیں۔دعا ہے اللہ تعالیٰ خاتون کے گھر والوں کو صبر جمیل عطا فرمائے۔فواد چودھری نے حادثے پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ صدف سے زیادہ جراتمند اور محنتی رپورٹر بہت کم دیکھے، ایک جی دار لڑکی، کل ہی عمران خان سے انٹرویو کے بعد صدف کا لاہور کی سب سے جی دار اور محنتی رپورٹر کے طور پر تعارف کروایا تو اس کی آنکھیں چمک اٹھیں، کیا معلوم تھا یہ ملاقات آخری ہو گی، خدا غریق رحمت کرے۔مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے ٹوئٹر پر لکھا کہ ڈیوٹی کے دوران ایک ٹی وی رپورٹر صدف نعیم کی قیمتی جان کے ضیاع کا سن کر مجھے بہت دکھ ہوا، میری دعائیں مرحومہ کے خاندان کے ساتھ ہیں، اللہ تعالیٰ مرحومہ کو جوار رحمت میں جگہ عطا کرے۔ آمین!۔صدر مملکت عارف علوی نے بھی  خاتون صحافی صدف نعیم کے جان بحق ہونے پر اظہارِ افسوس کرتے ہوئے کہا کہ  دکھ کی اس گھڑی میں  ہماری ہمدردیاں اہل خانہ کے ساتھ ہیں۔سپیکر و ڈپٹی سپیکر نے کہا ہے کہ صدف نعیم ایک محنتی اور فرض شناس صحافی تھی،وزیر خارجہ بلاول بھٹو نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہنا تھا کہ کسی بھی سیاسی وسماجی ایونٹ میں عوام اور صحافیوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کے انتظامات کرنا منتظمین کی ذمہ داری ہوتی ہے۔سابق صدر آصف علی زرداری نے نجی ٹی وی کی صحافی صدف نعیم کے جاں بحق ہونے پر اظہار افسوس کیا ہے۔ نیئربخاری نے نے تعزیتی بیان میں کہا کہ صدف نعیم محنتی صحافی تھیں۔

صدف نعیم سپردخاک

مزید :

صفحہ اول -