امریکہ سے پاکستان کی دیرینہ شراکت داری بحال ہوچکی ہے:مسعود خان
واشنگٹن (این این آئی)امریکہ میں پاکستان کے سفیر مسعود خان نے کہا ہے کہ دونوں ملکوں کے درمیان دیرینہ شراکت داری بحال ہو چکی ہے۔اپنے بیان میں مسعودخان نے کہا کہ افغانستان سے امریکی انخلاء کے بعد غیر یقینی کی مختصر مدت رہی تاہم اب پاکستان اور امریکا کے تعلقات دوبارہ ترقی اور توسیع کی راہ پر گامزن ہیں۔پاکستانی سفیر نے کہاکہ اس کے علاوہ دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی ایجنڈے کو آگے بڑھانے کی کوششیں بھی جاری ہیں۔ دوسری جانب صدر ریاست آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری سے امریکہ میں پاکستان کے سفیر سردار مسعود خان نے پاکستانی سفارتخانے واشنگٹن میں تفصیلی ملاقات کی اس موقع پر ملاقات میں صدر آزاد جموں وکشمیربیرسٹر سلطان محمود چوہدری اور امریکہ میں پاکستان کے سفیر سردار مسعود خان نے مسئلہ کشمیر کو اُجاگر کرنے کے سلسلہ میں مختلف تجاویز پر غوروخوض کیا۔اس موقع پر پاکستان کے امریکہ میں سفیر سردار مسعود خان نے سفارتی محاذ پرمسئلہ کشمیر کو اُجاگر کرنے کے لئے اپنی کوششوں سے صدر ریاست آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمودچوہدری کو آگاہ کیا۔ اس موقع پر صدر آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے بھی امریکہ کے دورہ کے دوران امریکی نائب وزیر خارجہ الزبتھ ہارسٹ اور دیگر اعلیٰ امریکی حکام اور اقوام متحدہ میں ہونے والی ملاقاتوں کی تفصیلات سے پاکستان کے امریکہ میں سفیر سردار مسعود خان کو آگاہ کیا اس موقع پر صدر آزاد جموں وکشمیربیرسٹر سلطان محمود چوہدری اورامریکہ میں پاکستانی سفیر سردار مسعود خان کے درمیان باہمی دلچسپی سمیت دیگر امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
مسعود خان