امپورٹڈ حکومت افواہیں پھیلا کر اپنی گھبراہٹ چھپا رہی ہے، مسرت جمشید چیمہ

   امپورٹڈ حکومت افواہیں پھیلا کر اپنی گھبراہٹ چھپا رہی ہے، مسرت جمشید چیمہ

  

لاہور(این این آئی) ترجمان وزیر اعلیٰ و پنجاب حکومت کی ترجمان مسرت جمشید چیمہ نے کہا ہے کہ عوام افواہوں پر کام نہ دھریں، مذاکرات ہوں گے تو عمران خان خود قوم کو آگاہ کریں گے، فیصلہ کیا گیا ہے کہ لانگ مارچ رات میں نہیں کیا جائے گا،صرف انتخابات کی تاریخ پر مذاکرات ہوں گے اس سے کم کسی بات پر نہیں مانیں گے۔ عمران خان کی رہائشگاہ زمان پارک کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مسرت جمشید چیمہ نے کہا کہ ہم کوئی غیر آئینی اور غیر قانونی کام نہیں کر رہے، صرف ون پوائنٹ ایجنڈا فوری عام انتخابات ہیں،اگر حکومت خود ہی انتخابات کرانے کا اعلان کر دے تو مذاکرات کی ضرورت ہی نہیں۔ انہوں نے کہا کہ امپورٹڈ حکومت نے ملک میں پتلی تماشہ لگایا ہوا ہے، لاہور میں حقیقی آزادی مارچ نے ایک تاریخ رقم کی، مارچ ہر شہر میں تاریخ رقم کرے گا۔انہوں نے کہا کہ حقیقی آزادی کیلئے مائیں، بہنیں اپنے بچوں کے ساتھ کئی کئی گھنٹے مارچ کرتی ہیں۔علاوہ ازیں اپنے بیان میں مسرت جمشید چیمہ نے کہا ہے کہ امپورٹڈ حکومت افواہیں پھیلا کر اپنی گھبراہٹ چھپانا چاہ رہی ہے،حکومت اور تحریک انصاف میں کوئی مذاکرات نہیں ہو رہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کا سمندر امپورٹڈ حکومت کو گھر بھیج کر ہی دم لے گا،عمران خان اس وقت سب سے بڑی سیاسی حقیقت ہیں۔ مسرت جمشید چیمہ نے کہا کہ عمران خان کو لاہور نے جس طرح خوش آمدید کہا ہے اب یہ (ن)لیگ کا نہیں رہا،مریم نواز کی سیاست نے (ن) لیگ کو پنجاب کے چوکوں، چوراہوں اور گلیوں میں دفن کر دیا۔ بے شمار دولت کے باوجود شریف فیملی اتنی پذیرائی حاصل نہیں کر سکی جتنی عمران خان کو لاہوریوں نے دی۔ انہوں نے کہ اکہ جس سسٹم نے عوام کو عزت اور تحفظ دینا ہے وہ اس کے کپڑے اتار رہا ہے،پاکستان کا ہر فرد امپورٹڈ حکومت سے نجات چاپتا ہے۔ 

مسرت جمشید چیمہ

مزید :

صفحہ آخر -