گورنر سندھ کا سیلانی انٹرنیشنل ٹرسٹ کے تحت ماس آئی ٹی ٹریننگ ٹیسٹ کا دورہ

گورنر سندھ کا سیلانی انٹرنیشنل ٹرسٹ کے تحت ماس آئی ٹی ٹریننگ ٹیسٹ کا دورہ

  

        کراچی (این این آئی) گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے کہا ہے کہ نوجوان ہمارا مستقبل ہیں اور ان کی بہتر تعلیم و تربیت کرکے ہم ملک و قوم کا مستقبل محفوظ و مستحکم بنا سکتے ہیں کیونکہ قائد اعظم محمد علی جناح رحمتہ اللہ علیہ کے فرمان کے مطابق نوجوان اس ملک کے مستقبل کے معمار ہیں اور اسے ترقی کی راہ پر گامزن کرسکتے ہیں۔ گورنر سندھ نے ان خیالات کا اظہار سیلانی انٹرنیشنل ویلفیئر ٹرسٹ کے تحت ماس آئی ٹی ٹریننگ پروگرام کے لئے ٹیسٹ کے موقع پر اپنے خطاب میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ سیلانی انٹرنیشنل ویلفیئر ٹرسٹ کی خدمات ایک ریاست کی خدمات کے مساوی ہیں کیونکہ سیلانی زندگی کے ہر شعبے میں کام کررہاہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ بات نہایت خوش آئند ہے کہ سیلانی ویلفیئر گذشتہ 8 سال سے نوجوانوں کو آئی ٹی کی تعلیم مفت فراہم کررہا ہے اور اس وقت 90 ہزار نوجوان اس آئی ٹی پروگرا م سے مستفید ہورہے ہیں۔ گورنر سندھ نے کہا کہ سیلانی کا آئی ٹی پروگرام نوجوانوں کے لئے ایک آئیڈیل پروگرام ہے، جس سے وہ کامیابی کی بلندیوں کو چھو سکتے ہیں۔ گورنر سندھ نے کہا کہ ایسی جدید ٹیکنالوجیز جو پورے پاکستان میں ابھی کہیں  پڑھائی نہیں جارہی ہے ان کی تعلیم سیلانی میں بالکل مفت دی جارہی ہے۔ گورنر سندھ نے مزید کہا کہ سیلانی کے پاس ایک نہیں بلکہ کئی Success Stories ہیں اور سیلانی سے آئی ٹی سے تربیت حاصل کرنے والے نوجوان آج ہزاروں ڈالرز کمارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دنیا کے تمام ہی ترقی پسند ممالک اس وقت آئی ٹی کو ترقی کا راستہ بتاتے ہے اور اپنے مستقبل کو آئی ٹی کے ساتھ جوڑ رہے ہیں۔ گورنر سندھ نے کہا کہ ہماری کوشش ہوگی کے سرکاری سطح پر بھی ایسے پروگرام تشکیل دیئے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ جب سے گورنر سندھ کا عہدہ سنبھالا ہے کوشش کی ہے کہ نوجوانوں کے لیے کچھ کر سکوں اور اس سلسلے میں جلد آپ کچھ پروجیکٹ دیکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ انشاء اللہ مولانا بشیر فاروقی کا خواب کہ یہ بچے پاکستان کا 100 بلین کا قرضہ اتاریں،  جلد پورا ہوگا۔ بعد ازاں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے گورنر سندھ نے کہا کہ حیدرآباد میں یونیورسٹی کے قیام کے لئے جگہ کا انتخاب کرلیا گیا ہے اور اس پر جلد کام کا آغاز ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ سندھ میں آئی ٹی پارکس کے قیام کے لئے وفاقی وزیر آئی ٹی امین الحق سے بات کروں گا۔ تعمیراتی صنعتی سہولیات کی فراہمی پر پوچھے گئے سوال پر گورنر سندھ نے کہا کہ ایسوسی ایشن بلڈرز اینڈ ڈیولپرز (آباد) کے ساتھ میٹنگ کی ہے اور تعمیراتی صنعت کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ گورنر ہاؤس کا شکایتی سیل فعال کردیا گیا ہے، عوام اپنی شکایت ہیلپ لائن نمبر 1366پر درج کرواسکیں گے۔ بشیر فاروقی نے بتایا کہ سیلانی کے تحت پانچ آئی ٹی ٹاور قائم کئے گئے ہیں جبکہ آئی ٹی کے شعبے میں 10 لاکھ نوجوانوں کو تربیت دینے کا پروگرام ہے۔

مزید :

صفحہ اول -