کامونکی، عمران خان کے کنٹینر کے نیچے آکر چینل فائیو کی رپورٹر صدف نعیم جاں بحق

  کامونکی، عمران خان کے کنٹینر کے نیچے آکر چینل فائیو کی رپورٹر صدف نعیم جاں ...

  

     کامونکی،اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک،نیوزایجنسیاں) کامونکی کے راستے میں تحریک انصاف کے لانگ مارچ میں عمران خان کے کنٹینر کے نیچے آکرنیوزچینل فائیوکی خاتون رپورٹر صدف نعیم جاں بحق ہوگئیں۔حادثے کے بعد عمران خان کا کنٹینر جی ٹی روڈ پر روک دیا گیا،ترجمان ریسکیو کے مطابق خاتون رپورٹر عمران خان کے کنٹینر سے اترتے ہوئے نیچے گری اور ٹائروں کے نیچے دب گئی۔حادثے کے بعد عمران خان نے مارچ روک دیا اور خطاب میں کہا کہ بدقسمتی سے ایک حادثہ ہوا ہے اور ہمیں مارچ روکنا پڑا ہے۔عمران خان نے اپنے ٹویٹ میں مزید لکھا کہ میرے پاس الفاظ نہیں کہ اپنا غم بیان کرسکوں، ان المناک گھڑیوں میں میری دعائیں اور ہمدردیاں انکے اہل خانہ کیساتھ ہیں۔دعا ہے اللہ تعالیٰ خاتون کے گھر والوں کو صبر جمیل عطا فرمائے۔فواد چودھری نے حادثے پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ صدف سے زیادہ جراتمند اور محنتی رپورٹر بہت کم دیکھے، ایک جی دار لڑکی، کل ہی عمران خان سے انٹرویو کے بعد صدف کا لاہور کی سب سے جی دار اور محنتی رپورٹر کے طور پر تعارف کروایا تو اس کی آنکھیں چمک اٹھیں، کیا معلوم تھا یہ ملاقات آخری ہو گی، خدا غریق رحمت کرے۔مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے ٹوئٹر پر لکھا کہ ڈیوٹی کے دوران ایک ٹی وی رپورٹر صدف نعیم کی قیمتی جان کے ضیاع کا سن کر مجھے بہت دکھ ہوا، میری دعائیں مرحومہ کے خاندان کے ساتھ ہیں، اللہ تعالیٰ مرحومہ کو جوار رحمت میں جگہ عطا کرے۔ آمین!

صدف نعیم جاں بحق

مزید :

صفحہ اول -