"ایک بار نشہ کر کے2 دن تک سویار ہابھوک لگنے پرجاگا"،سنجے دت کا انکشاف

"ایک بار نشہ کر کے2 دن تک سویار ہابھوک لگنے پرجاگا"،سنجے دت کا انکشاف
سورس: @instagram/duttsanjay

  

ممبئی(ڈیلی پاکستان آن لائن)بالی ووڈ کے معروف اداکار سنجے دت نے انکشاف کیا ہے کہ ایک بار وہ نشہ کر کے ایسا سوئے کہ 2 دن بعد بھوک لگنے پر جاگے جس کے بعد انہوں نے نشہ چھوڑنے کا فیصلہ کیا۔

انڈیا ٹائمز کے مطابق کچھ عرصہ قبل اداکار جیکی شیروف اور سلمان خان کے ساتھ پروگرام "10 کا دم" میں شرکت کی جہاں انہوں نے اپنے نشے کا عادی ہونے کا اعتراف کیا۔پروگرام کے دوران جیکی شیروف نے سنجے دت سے سوال کیا تھا کہ "وہ کالج کے طلبہ کو ڈرگز کے بارے میں بتائیں کہ اس کے کسی شخص کی زندگی پر کیا اثرات مرتب ہوتے ہیں؟"جس کے جواب میں سنجےدت کا کہنا تھا کہ "ڈرگز بے کار چیز ہے"۔  انہوں نے اپنی زندگی کے اس واقعے کے بارے میں بھی بتایا جس کے بعد انہوں نے ڈرگزکو چھوڑنے کا فیصلہ کیاتھا۔

 سنجے دت نے بتایا کہ "ایک بار میں دن کے وقت خوب نشہ کر کے آیا اور کمرے میں جا کر سوگیا، جب شام 7 سے 8 بجے کے درمیان اٹھا تو بھوک لگی، اپنے پرانے نوکر کو بلاکر کھانا لانے کو کہا، تو وہ رونے لگا اور کہا کہ آپ دو دن بعد کھانا مانگ رہے ہیں"۔ سنجے دت کا کہنا تھا کہ "اس پر میں حیران ہوا اور کہا کہ میں تو کل رات کو سویا تھا، تو وہ بولا کہ نہیں آپ دو دن پہلے سوئے تھے"۔ اداکار نے بتایا کہ "اس دن ان کی زندگی میں ایک تبدیلی آئی انہوں نے کہا کہ میں واقعی ہوش میں نہیں تھا، بس اس دن میں نے فیصلہ کیا کہ آئندہ میں نشہ نہیں کروں گا"۔

یاد رہے کہ سنجے دت بے حد نشہ کرنے کے باعث حال ہی میں پھیپڑوں کے کینسر میں مبتلا ہوگئے تھے اور کئی سال بیماری کا علاج کروانے کے بعد صحتیاب ہوئے ہیں تاہم اس دوران نہ صرف انہوں نے نشے کی عادت کو ترک کیا بلکہ کئی سالوں بعد بالی ووڈ میں نئی فلموں کے ساتھ دوبارہ انٹری بھی دی۔

مزید :

تفریح -