ٹوئٹر پر بلیو ٹک کیلئے ماہانہ کتنی فیس دینی ہوگی؟ ایلون مسک کے فیصلے نے صارفین کو نئی پریشانی میں مبتلا کردیا

ٹوئٹر پر بلیو ٹک کیلئے ماہانہ کتنی فیس دینی ہوگی؟ ایلون مسک کے فیصلے نے ...
ٹوئٹر پر بلیو ٹک کیلئے ماہانہ کتنی فیس دینی ہوگی؟ ایلون مسک کے فیصلے نے صارفین کو نئی پریشانی میں مبتلا کردیا

  

 نیویارک(مانیٹرنگ ڈیسک) مائیکروبلاگنگ پلیٹ فارم ٹوئٹر کی ملکیت حاصل کرتے ہی دنیا کے امیر ترین شخص ایلون مسک نے کلیدی تبدیلیاں شروع کر دی ہیں اور ٹوئٹر کے ’ویریفائیڈ‘ صارفین کے لیے ایک بری خبر ہے کہ ایلون مسک نے نیلے رنگ کے ویریفکیشن بیج کی ماہانہ 20ڈالر فیس مقرر کرنے کی منصوبہ بندی کر لی ہے۔ میل آن لائن کے مطابق ایلون مسک کی طرف سے ٹوئٹر انجینئرز کی ایک ٹیم تشکیل دی گئی ہے، جس کے ذمے لگایا گیا ہے کہ بلیو ٹک کے عوض ماہانہ 20ڈالر فیس وصولی کا طریقہ کار وضع کیا جائے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق ایلون مسک کی طرف سے انجینئرز کی اس ٹیم کو محض ایک ہفتے کا وقت دیا اور دھمکی دی ہے کہ اگر ٹیم اس وقت میں کوئی طریقہ کار وضع کرنے میں ناکام رہی تو پوری ٹیم کو نوکری سے فارغ کر دیا جائے گا۔ چنانچہ غالب امکان ہے کہ 7نومبر سے بلیو ٹک پر ماہانہ فیس لاگو کر دی جائے گی۔ 

ویریفکیشن بیج پر فیس لاگو کرنے کی اس خبر کے سامنے آنے کے بعد ایلون مسک کی طرف سے اپنے ٹوئٹر اکاﺅنٹ کے ذریعے بتایا گیا ہے کہ وہ اکاﺅنٹ ویریفکیشن کا تمام طریقہ کار ہی کو از سر نو دیکھ رہے ہیں۔ ان کی طرف سے ماہانہ فیس کے متعلق اپنی ٹویٹ میں کچھ نہیں بتایا گیا۔

 واضح رہے کہ اس وقت ٹوئٹر کے ویریفائیڈ صارفین کی تعداد 4لاکھ کے لگ بھگ ہے۔ اگر ان پر ماہانہ 20ڈالر فیس لاگو کی جاتی ہے تو ایلون مسک کو اس ایک مد میں ہی ٹوئٹر سے ماہانہ 80لاکھ ڈالر (تقریباً 1ارب 77کروڑ 32لاکھ روپے) ریونیو حاصل ہونے لگے گا۔

 

مزید :

بزنس -سائنس اور ٹیکنالوجی -