ویرات کوہلی کے کمرے کی ویڈیو لیک ہونے پر ہوٹل انتظامیہ کا مؤقف بھی سامنے آگیا

Oct 31, 2022 | 10:36 PM

پرتھ(ڈیلی پاکستان آن لائن)ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کیلئے آسٹریلیا میں موجود بھارتی کرکٹر ویرات کوہلی کے ہوٹل کے کمرے کی ویڈیو لیک ہونے کے بعد ہوٹل انتظامیہ کا ردعمل بھی سامنے آگیا ہے۔انتظامیہ نے ویرات کوہلی کی اجازت کے بغیر ان کے کمرے میں داخل ہونے کے معاملے پر معذرت کی ہے اور وعدہ کیا ہے کہ اس بات کو یقینی بنایا جائے گا کہ آئندہ ایسا واقعہ نہ ہو۔ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ کمرے کی اوریجنل ویڈیو بھی سوشل میڈیا پلیٹ فارمز سے فوری طور پر ڈیلیٹ کردی گئی تھی جبکہ ہم اس حوالے سے بھارتی کرکٹ ٹیم اور انٹرنیشنل کرکٹ کونسل سے بھی رابطے میں ہیں تاکہ ان سے بھی معذرت کی جاسکے اور تحقیقات سے انہیں بھی آگاہ رکھا جاسکے۔

خیال رہے کہ ویرات کوہلی نے آج ایک ویڈیو پوسٹ کی اور بتایا کہ یہ ہوٹل کراؤن پرتھ میں ان کے کمرے کی ویڈیو ہے جو انہوں نے نہیں بنائی بلکہ انہیں یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر ملی ہے اور یہ اس وقت بنائی گئی جب وہ کمرے میں موجود نہیں تھے۔



مزیدخبریں