عالمی ایجوکیشن کانفرنس سے پاکستان کا مثبت امیج نمایاں ہو گا،مجیب الرحمن شامی

 لاہور(خصوصی رپورٹ)روزنامہ پاکستان کے چیف ایڈیٹرمجیب الرحمن شامی نے آفاق کے مرکزی دفتر کا دورہ کیا۔اس موقع پر ایسوسی ایشن فار اکیڈمک کوالٹی (آفاق) کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر شاہد وارثی،نے معروف صحافی مجیب الرحمن شامی صاحب کو اسلامی ایجوکیشن پر چوتھی کانفرنس کے متعلق بریفنگ دی۔ایگزیکٹیو ڈائریکٹر آفاق شاہد وارثی نے چوتھی کانفرنس کے متعلق بات کرتے ہوئے کہا کہ اس سے پہلے یہ کانفرنس ملائشیا اور انڈونیشیا میں ہو چکی ہے۔اور الحمداللّٰہ اب یہ اعزاز پاکستان کو حاصل ہو رہا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ آفاق جو کہ اسکول ایجوکیشن میں پاکستان کا سب سے بڑا ملک گیر پرائیویٹ نیٹ ورک ہے،اس کانفرنس کو پاکستان میں منعقد کر کے عالمی دنیا میں پاکستان کے تشخص کو نمایاں کرے گا۔انہوں نے کہا کہ اس کانفرنس میں آئے ہوئے ماہرین تعلیم،’’اسلامک سکول سسٹم ‘‘کے تقاضے ،چیلنجز،اہداف اور بہتری کی عملی شکلوں پر اپنے اپنے تجربات سے شرکاء کانفرنس کو آگاہ کریں گے۔شاہد وارثی نے مزید کہا کہ اس کا نفرنس کے نتیجے میں نہ صرف پاکستان بلکہ عالمی دنیا میں ’’اسلامک سکول سسٹم‘‘ کو سمجھنے اور شرکا کو پوری دنیا کے تجربات کے آگاہی کا موقع ملے گا۔ڈپٹی ڈائریکٹر ٹریننگ امیرزیب نے مجیب الرحمن شامی کو بتایا کہ آفاق کی اس چوتھی عالمی ایجوکیشن کانفرنس میں امریکا،برطانیہ،انڈونیشیا،ملائیشیا،سری لنکا،انڈیا،سعودی عرب،سوڈان،جنوبی افریقا،اور پاکستان سمیت دیگر ممالک کے ماہرین تعلیم کلیدی مقررین ہوں گے۔انہون نے مزید کہا کہ ملک بھر سے 500سے زائد تعلیمی ماہرین اور اساتذہ کرام اس کانفرنس میں شرکت کریں گے۔روزنامہ پاکستان کے چیف ایڈیٹر مجیب الرحمن شامی نے کہا کہ آفاق نے اس کانفرنس کو پاکستان میں منعقد کر کے نہ صرف تعلیم کے اہمیت کو اجاگر کیا ہے بلکہ پوری دنیا میں پاکستان کا تشخص مثبت انداز میں سامنے آئے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ ضرورت اس امر کی ہے کہ ایجوکیشن کے متعلق شعور کو مزید نمایاں کیا جائے تاکہ پاکستان عالمی دنیا میں سر بلند ہو۔مجیب الرحمن شامی نے آفاق کی نصاب سازی،تحقیق،اساتذہ کی تربیت ،اسکول سسٹم اور بچوں کے عالمی زبانوں میں انسکلیوپیڈیا کی ستائش کی اورکہا کہ آفاق کی ان خدمات کو مزید پذائرائی ملنی چاہیے۔