تعلیم نسواں کے فراغ کیلئے طول و عرض میں تعلیمی ادارے قائم کئے جا رہے ہیں ،امجد آفریدی

کوہاٹ (بیوررپورٹ)وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے مشیر کھیل، سیاحت اور ثقافت ملک امجد خان آفریدی نے کہا ہے کہ خواتین کی تعلیم عام کرنے کے لئے صوبے کے طول و عرض میں تعلیمی اداروں کا جال بچھایا جا رہا ہے اور ایسے دور درازعلاقوں میں خواتین کے لئے سکول اورکالج قائم کئے جارہے ہیں جس کا ماضی میں کوئی تصور بھی نہیں کر سکتا تھا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے حلقہ نیابت پی کے37کوہاٹ میں 1کروڑ 11لاکھ روپے کی لاگت سے تعمیرکردہ گورنمنٹ گرلز ہائی سکول زیارت شیخ اللہ داد کی نئی عمارت کی افتتاحی تقریب سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا ۔تقریب سے دوسروں کے علاوہ ڈسٹرکٹ کونسلر گل نائب خان، یونین ناظم ڈاکٹر محمد صادق اور سابق ناظم عتیق الرحمن نے بھی خطاب کیا اور علاقے کی ترقی و خوشحالی کے لئے امجد آفریدی کی کاوشوں کو سراہا۔ مشیر کھیل نے کہا کہ تعلیم کی اہمیت ایک مسلمہ حقیقت ہے اور اسے کوئی انکار نہیں کر سکتا۔انہوں نے کہا کہ تعلیم ہر ایک کے لئے انتہائی ضروری ہے چاہے مرد ہو یا عورت۔تاہم مرد کی نسبت خواتین کی تعلیم ضروری ہے کیونکہ ایک عورت کی تعلیم پورے خاندان کے لئے سود مند ہوتا ہے اس لئے خواتین کی تعلیم عام کرنا وقت کی ضرورت ہے۔ امجد آفریدی نے کہا کہ مذکورہ سکول کی تعمیرسے قبل مقامی طالبات کوپرائمری کے بعد تعلیم جاری رکھنا ناممکن تھا اور 90فیصد سے بھی زیادہ بچیاں اپنی تعلیم ادھوری چھوڑ جاتی تھیں اب اس سکول کی تعمیر سے مقامی بچیوں کو ان کی دہلیز پر اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے کے مواقع ملیں گے ۔