کتاب آج بھی علم کی تحصیل کا قابل اعتبارذریعہ ہے،طاہر القادری

لاہور (نمائندہ خصوصی ) عوامی تحریک کے قائد ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے کہا ہے کہ کمپیوٹر جدید دور کا ناگزیر تقاضا ہے ،تاہم کتاب آج بھی علم کی تحصیل اور ترسیل کا قابل اعتباراور باوقار ذریعہ ہے ۔کمپیوٹر یوزر نوجوان بک یوزر بھی بنیں اور کتاب پڑھنے کا کلچر واپس لائیں ،ان خیالات کا اظہار انہوں نے یوتھ کیلئے ’’ مجالس العلم ‘‘کے عنوان سے خطابات کی سیریز کے پہلے خطاب کے موقع پر کیا ۔انہوں نے کہاکہ ابہام سے پاک معلومات کیلئے علم کی بنیادوں تک رسائی ناگزیر ہے ،اکابرین ،محقیقین ، فقہا،سائنس دانوں کی تحقیق کتاب کے ذریعے ہم تک پہنچی ۔انہوں نے کہا کہ میں کمپیوٹر یوزر نہیں بک یوزر ہوں ۔کتاب کو دیکھتا پڑھتا اور لکھتا ہوں ۔جلد نتیجہ اخذ کرنے کی خواہش نے آرام طلبی کو جنم دیا ،نوجوانوں سے کہوں گا کہ علم کے معاملے میں سہل پسندی کو ترک کردیں اور مصدقہ معلومات تک رسائی کیلئے کتاب کو علم کے حصول کا ذریعہ بنائیں ۔انہوں نے کہا کہ کتاب کی اہمیت اور افادیت آج ماضی ہی کی طرح اہم ہے ۔سربراہ عوامی تحریک نے مجالس العلم کے عنوان سے خطابات کے ایک تحقیقی سلسلے کا آغاز کیا ہے ،وہ ہفتہ میں پانچ روز کینڈا سے براہ راست ویڈیو لنک پر خطاب کررہے ہیں انکے ان علمی و تحقیقی خطابات کو اندرون بیرون ملک سینکڑوں مقامات پر سنا جا رہا ہے ۔