تعلیمی اداروں کی سیکورٹی کے لیے تعاون کرینگے ،میاں بلیغ الرحمن

کراچی(اسٹاف رپورٹر) وزیرمملکت برائے تعلیم وتربیت میاں بلیغ الرحمن نے کہاہے کہ تعلیمی اداروں کی سیکورٹی کے لیے وفاقی حکومت صوبائی حکومتوں کولاجسٹک سپورٹ فراہم کرے گی جبکہ سیکورٹی آلات کی فراہمی کے لیے بھی سندھ حکومت سے تعاون کریں گے۔منگل کو وزیرمملکت میاں بلیغ الرحمن نے سندھ اسمبلی میں سینئروزیرتعلیم نثارکھوڑوسے ملاقات کی اورتعلیمی اداروں کے لیے جامع سیکورٹی پلان پرتبادلہ خیال کیا۔سینئروزیرنے وزیرمملکت کوسندھ میں تعلیمی اداروں کی سیکورٹی کے لیے سندھ کابینہ میں ہونے والے فیصلوں اورسندھ حکومت کے اقدامات سے آگاہ کیا۔ نثارکھوڑونے وزیرمملکت کوبتایا کہ حکومت سندھ نے تعلیمی اداروں کی سیکورٹی کے لیے جامع اقدامات مرتب کیے ہیں جس میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کوبھی آن بورڈ لیا گیا ہے اورجلد ہی تعلیمی اداروں کی سیکورٹی کے ایک ارب روپے کے سیکورٹی آلات خریدے جائیں گے۔ وزیرمملکت میاں بلیغ الرحمن نے کہا کہ تعلیمی اداروں کی سیکورٹی کے لیے حکومت سندھ کولاجسٹک سپورٹ فراہم کریں گے ۔انہوں نے کہا کہ تعلیمی اداروں کی جامع سیکورٹی پلان پرعملدرآمد کے سلسلے میں صوبوں کی تمام ضروریات پوری کریں گے اورسیکورٹی آلات کی خریداری سے فراہمی تک وفاقی حکومت سندھ حکومت کومکمل سپورٹ فراہم کرے گی۔ وزیرمملکت نے سندھ اسمبلی کا دورہ بھی اورسندھ کے تعلیمی اداروں کی سیکورٹی کے لیے جامع سیکورٹی پلان پراطمینان کا اظہارکیا۔