ہلالِ احمر نے تعلیمی اداروں میں فرسٹ ایڈ ٹریننگ کا پروگرام شروع کردیا ہے،ڈاکٹر سعید الہٰی

لاہور (پ ر)انجمن ہلالِ احمر پاکستان کے چیئرمین ڈاکٹر سعید الہٰی نے کہا ہے کہ دہشت گردی کیخلاف جنگ میں امدادی اداروں کا کردار مزید اہم ہوگیاہے۔ گزشتہ شب لبرٹی چوک میں سانحہ پشاور کے شہداءکی یاد میں شمعیں روشن کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر سعید الہٰی نے کہا کہ قومی بقاءکی اِس جنگ میں قوم کے ہر ادارے کو اپنا کردار نبھانا ہے اور امدادی اداروں کو انتہائی متحرک ہونا پڑے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہلالِ احمر نے تعلیمی اداروں میں فرسٹ ایڈ ٹریننگ کا ملگیر پروگرام شروع کردیا ہے۔ ڈاکٹر سعید الہٰی نے کہا کہ نوجوانوں کو ہر وقت خون عطیہ کرنے کیلئے تیار رہنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ ”ون ہوم ون والنٹیئر“ کو ہدف بنا کر ہر گھر میں سے ایک رضا کار تیار کیا جائے گا۔ ڈاکٹر سعید الہٰی نے کہا کہ پچاس لاکھ رضا کاروں کی تیاری کیلئے بڑے تعلیمی اداروں کے ساتھ معاہدے کیے جارہے ہیں۔ شمع روشن کرنے کیلئے طلباءو طالبات ، عام شہریوں اور نوجوانوں کی کثیر تعداد نے تقریب میں شرکت کی۔