حکومت شعبہ صحت و تعلیم میںمیلینیم ڈویلپمنٹ اہدافحاصل کریگی،مجتبیٰ شجاع


لاہور( کامرس رپورٹر) وزیر ایکسائز و ٹیکسین ، خزانہ پنجاب مجتبیٰ شجاع الرحمن نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت صحت و تعلیم کے شعبوں میں ملینیم ڈویلپمنٹ اہداف حاصل کرنے کے لئے کوشاں ہے انہوںنے کہا کہ عوام کو تعلیم کی جدید اور صحت کی معیاری سہولتیں مہیا کرکے پرامن اور صحت مندمعاشرے کو فروغ دیا جاسکتا ہے معیار ی تعلیم کے مواقع ہر مکتبہ فکر کے طلباءکو فراہم کرکے دہشت گردی جیسی لعنت سے چھٹکاراپایاجاسکتا ہے نوجوانوں کے وفود سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ حکومت نے گذشتہ چھ سال کے دوران شعبہ تعلیم کےلئے بجٹ بتدریج بڑھایاہے، 20لاکھ ناخواندہ افراد کو غیر رسمی تعلیمی فراہم کرنے کے لئے 2ارب روپے سے زائد کے فنڈ فراہم کئے گئے ہیں 25لاکھ سے زائد نوجوان مرد و خواتین کو علم و ہنر سکھانے کے لیے صوبہ بھر میں فنکشنل لٹریسی سنٹرقائم کئے گئے ہیں
 اور 14ہزار سے زائد خواتین کے لیے کمیونٹی لرننگ سنٹرز قائم کئے گئے ہیں۔ مجتبیٰ شجاع الرحمن نے کہا کہ گزشتہ دور میں ایک لاکھ 40 ہزار سکول ٹیچرز شفاف طریقے سے بھرتی کئے اور مزید سکول ٹیچرز کی خدمات حاصل کی جارہی ہیں تاکہ پنجاب میں100 فیصد خواندگی کا ہدف حاصل کیا جاسکے-انہوں نے کہا کہ برطانوی ادارے ڈی ایف آئی ڈی کی جانب سے 351ملین روپے کی امداد سے سرکاری سکولوں میں 15ہزار نئے کلاس رومز تعمیر کئے جائیں گے-انہوںنے کہا کہ طالبات کو وظائف کی مد میں ایک ارب 25 کروڑ روپے، گرلز سکولوں میں بنیادی سہولتو ں کی فراہمی کے لئے 3 ارب روپے کے فنڈز اور صوبہ کے تین پسماندہ ترین اضلاع میں طالبات کے وظائف کی رقم دگنا کر دی گئی ہے- مجتبیٰ شجاع الرحمن نے کہا کہ حکومت نے گزشتہ مالی سال کے دوران اجالا پروگرام کے ذریعے 2.5 ارب روپے سے دولاکھ طلبہ میں سولر لیمپ تقسیم کئے - انہوںنے کہا کہ طلبہ کو حصول تعلیم کے لئے جدید سہولیات بھی فراہم کی جا رہی ہیں اور میرٹ پر لیپ ٹاپ تقسیم کرنے کا پروگرام اس سال بھی جاری رہے گااور ایک لاکھ لیپ ٹاپ فراہم کئے جائیں گے -