نجی سکول سیکیورٹی کی مد میں عوام کو لوٹ رہے ہیں،عابد صدیقی

لاہور(نمائندہ خصوصی) پیپلز پارٹی پنجاب کے ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات عابد حسین صدیقی نے کہا ہے کہ نجی سکولوں کے مالکان سیکورٹی کی مد میں عوام کو مزید لوٹنے میں مصروف ہیں جبکہ اس سلسلے پنجاب حکومت کی طرف سے کوئی حکمت عملی سامنے نہیں آئی، حکومت کی ناقص پالیسوں کی وجہ سے عوام کے اندر ہر گزرتے دن کے ساتھ احساس محرومی بڑھ رہا ہے۔

 اور عوام کی مشکلات میں اضافہ بھی ہو رہا ہے جو قابل تشویش بات ہے۔ ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ دہشتگردی کے خاتمے کےلئے سیاسی و فوجی قیادت کے متحد ہونے سے دین و ملت کے دشمنوں کے ناپا ک عزائم ناکام ہونگے اتحاد کی طاقت سے دہشتگردی کا ہمیشہ کےلئے صفایا کیا جا سکتاہے سیاسی قوتیں اور قانون نافذ کرنےوالے ادارے مفادات کی جنگ سے باہر نکل کر ایک قوم بن جائیں، انہوں نے کہا کہ خوشحال مضبوط اور پر امن پاکستان بنا کر ہم عالمی سطح پر مضبوط ریاست بن کر ابھر سکتے ہیں ۔

 انہوں نے کہا کہ سیکیورٹی صورتحال کو بہتر بنا کر عوام میں عدم تحفظ کی لہر کا خاتمہ کرنا ضروری ہے ملک و قوم کے تحفظ کےلئے سیکیورٹی ادارے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کریں۔