پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن نے انگریزی زبان کیلئے پائلٹ پراجیکٹ لانچ کر دیا

لاہور(ایجوکیشن رپورٹر)پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن نے پارٹنر سکولوں میں انگریزی زبان کی تدریس ، ریڈنگ اور تحریر کا معیار بہتر بنانے کے لیے پائلٹ پروجیکٹ لانچ کر دیا ہے اس مقصد کے لیے لاہور کے چھ پارٹنر سکولوں کا انتخاب کیا گیا ہے یہ سکول بے وسیلہ بچوں کی میٹرک تک مفت تعلیم کے منصوبے فاؤنڈیشن ایسسٹڈ سکول سے منسلک ہیں ۔ پائلٹ پروجیکٹ لانچ کرنے کی تقریب گزشتہ روزپیف ہیڈ آفس میں ہوئی۔ اس موقع پر سکول مالکان میں ضروری ریسورس میٹریل اور کتب تقسیم کی گئیں۔ ایم ڈی پیف ڈاکٹر انیلہ سلمان نے فونکس پائلٹ پروجیکٹ کے اجراء کو خوش آئند قرار دیا اور کہا کہ اس پروجیکٹ کے تحت کلاس اول کے طالب علموں کے لیے انگریزی کے مضمون کی ٹیچنگ ، ریڈنگ اور لکھنے کی صلاحیتوں کو بہتر بنایا جائے گا جس سے طالب علموں کی انگریزی پر دسترس بہتر ہو گی ۔ اس حوالے سے پائلٹ پروجیکٹ کی افادیت کو جانچنے کے لیے بیس لائن سروے کے انعقاد کے علاوہ ٹیچرز کو ضروری تربیت بھی دی جائے گی

تاکہ وہ طالب علموں کی تعلیمی استعداد کار میں بہتری کو صحیح رُخ پر استوار رکھیں ۔ اس طرح طالب علموں کا ذہنی افق بہتر ہو گا اور وہ انگریزی پر بھرپور مہارت بھی حاصل کر لیں گے ۔ انہوں نے مزید کہا ہے کہ یہ پروجیکٹ پیف کے ویژن اور عزم کا عکاس ہے جس کا مقصد بے وسیلہ بچوں کو کوالٹی ایجوکیشن مہیا کرنا ہے ۔ اس حوالے سے یہ امر خوش آئند ہے کہ پیف کی تعلیمی پالیسیوں اور خدمات کے پیش نظر یہ تعلیمی ریسورس مفت دیا گیا ہے ۔ افتتاحی تقریب میں پیف ڈائریکٹرز بشریٰ سعید ، افتخار ربانی اور دیگر افسران نے بھی شرکت کی۔