ہیلتھ سائنسز یونیورسٹی کا پاکستان کی دوسری بڑی جامعہ ہونے کا اعزاز برقرار

 لاہور( جنرل رپورٹر) یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز لاہو ر نے پاکستان کی دوسری بہترین میڈیکل یونیورسٹی ہونے کا اعزاز برقرار رکھا۔ گزشتہ روز ہائیر ایجوکیشن کمیشن پاکستان کی جاری کردہ رینکنگ 2014ء کے مطابق میڈیکل کے شعبے میں یو ایچ ایس مجموعی طور پر دوسرے نمبر پر ہے۔ مزید برآں ایچ ای سی سے یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کا نام ملک کی 'ٹاپ'10یونیورسٹیوں میں شامل کیا ہے۔ ایچ ای سی کی درجہ بندی میں مجموعی طور پر تمام یونیورسٹیوں میں یو ایچ ایس کا سکور 100میں سے 72.272پوائنٹس جبکہ میڈیکل کیٹگری میں 87.623رہا ہے۔اس موقع پر یونیورسٹی فیکلٹی اور سٹاف کو مبارکباد دیتے ہوئے وائس چانسلر یو ایچ ایس میجر جنرل ریٹائرڈ پروفیسر محمد اسلم نے کہا کہ اس کامیابی کا سہرا یونیورسٹی ملازمین اور فیکلٹی کے سر جاتا ہے جنھوں نے اپنی محنت اور لگن کے ساتھ ایک مختصر عرصے میں یونیورسٹی کو اس مقام تک پہنچایا۔ انھوں نے کہا کہ مستقبل میں یونیورسٹی ریسرچ اور کوالٹی ٹیچنگ پر زیادہ توجہ مرکوز کرے گی۔ انھوں نے مزید کہا کہ ہماری اولین ترجیح یو ایچ ایس کے نئے کیمپس کا قیام ہے۔ انھوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ یو ایچ ایس کا نام عالمی رینکنگ میں لانے کیلئے کوشش کی جائے گی۔