پنجاب ایجوکیشنل انڈومنٹ فنڈ کی سکا لرشپ تقسیم کی تقریب

لاہور (ایجوکیشن رپورٹر)پنجاب ایجوکیشنل انڈومنٹ فنڈ کی سکا لرشپ تقسیم کی تقریب بہاؤ الدین زکریا یونیورسٹی ملتان میں ہوئی ۔ جس میں ماسٹرز کی تعلیم حاصل کرنے والے 300 سے زائد طلبہ میں گیارہ ( 11)لاکھ روپے کے سکالرشپ تقسیم کئے گئے ۔ تقریب کی صدارت وائس چا نسلر ڈاکٹر خواجہ علقمہ نے کی اور تقریب کے مہمان خصو صی صوبائی وزیر برائے مذہبی امور حاجی احسان الدین تھے ۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر برائے مذہبی امور حاجی احسان الدین نے کہا کہ پنجاب حکومت تعلیم کو اپنی اولین ترجیح سمجھتی ہے ۔پنجاب ایجوکیشنل انڈومنٹ فنڈ کا قیام اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے ۔ پنجاب ایجوکیشنل انڈومنٹ فنڈ کا قیام حکومت پنجاب کا ایک ایسا قدم ہے جس کی دوسرے صوبے بھی تقلید کر رہے ہیں تا کہ وہ اپنے صوبوں میں تعلیم کو ترقی دے سکیں ۔صوبائی وزیر نے مزید کہا کہ پنجاب ایجوکیشنل انڈومنٹ فنڈ سیاست سے بالا تر ہو کر کام کر رہا ہے صرف اور صرف میرٹ کی بنیاد پر سکالر شپ ایوارڈ کرتا ہے انہوں نے کہا کہ دوسرے اداروں کو پنجاب ایجوکیشنل انڈومنٹ فنڈ سے بہت کچھ سیکھنے کی ضرورت ہے ۔13 ارب روپے سے قائم انڈومنٹ فنڈ امسال 100,000 سکالرشپ ایوارڈ مکمل کرے گا ۔

وائس چا نسلر ڈاکٹر خواجہ علقمہ نے پنجاب ایجوکیشنل انڈومنٹ فنڈ کے طریقہ کار کی تعریف کی اور کہا کہ سکالرشپ سے ذہین مگر مالی طور پر کمزور طلبہ کو تعلیم کے میدان میں آگے بڑھنے کا موقع ملا ہے اور ایک لاکھ وظائف کے اجراء پر حکومت پنجاب کی تعریف کی جس نے انڈومنٹ فنڈ قائم کر کے اس کام کو ممکن بنایا ۔ تقریب میں ممبران صوبائی اسمبلی محمد علی کھوکھر ، میا ں شہزاد مقبول بھٹہ ،یونیورسٹی کے اسا تذہ، طلبہ کے علاوہ سکالرز کے والدین اور عام شہریوں نے بھی شرکت کی ۔