حکومت تعلیمی شعبے اور نوجوانوں کی فلاح کیلئے کوشاں ہے،شیر علی گورچانی

لاہور(نمائندہ خصوصی)قائمقام سپیکر پنجاب اسمبلی سردار شیر علی خان گورچانی نے کہا کہ مسلم لیگ(ن) کی حکومت اپنے منشور کے مطابق تعلیمی شعبہ اور نوجوانوں کی فلاح اور ترقی کیلئے انقلابی پروگرام پر عمل پیرا ہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے پنجاب اسمبلی میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب حکومت نے بے روزگار نوجوانوں کیلئے روزگار کے لاکھوں نئے مواقع پیدا کیے ہیں۔پنجاب حکومت پہلے بھی نوجوانوں میں میرٹ اورصرف میرٹ کی بنیاد پر اربوں روپے کے لیپ ٹاپ تقسیم کرچکی ہے اوران لیپ ٹاپس کے ذریعے نوجوان جدید علوم سے آراستہ ہورہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ پاکستان خوش قسمت ملک ہے جس کی 60فیصد سے زائد آبادی نوجوانوں پر مشتمل ہے او ر یوتھ کو بااختیار بنانے کے لئے موثر حکمت عملی اپنائی گئی ہے نوجوانو ں کو با اختیار بنانا اور روز گار کے مواقع کی فراہمی پنجاب حکومت کی گروتھ سٹریٹجی کا اہم جز ہے۔ انہوں نے کہاکہ ملک کی تاریخ کے سب سے بڑے تعلیمی فنڈ کے ذریعے ایک لاکھ سے زائد ایسے ذہین بچے اپنی تعلیم مکمل کر رہے ہیں جن کے والدین اپنے بچوں کو زیور تعلیم سے آراستہ کرنے کیلئے وسائل نہیں رکھتے ۔ قائمقام سپیکر نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کے دور حکومت میں پہلی بار میرٹ کی بنیاد پر اساتذہ کی شفاف بھرتیاں کی گئی جس کی مثال نہیں ملتی۔