پنجاب میں 10 ہزار سکو ل شمسی توانائی پر منتقل کر رہے ہیں ‘رانا مشہود

لاہور( خبرنگار) پنجاب میں 10 ہزار سکولوں کو شمسی توانائی پر منتقل کیا جا رہا ہے ۔ ان میں سے 5000 سکول ایسے علاقوں میں ہیں جہاں ابھی تک بجلی نہیں پہنچی جبکہ 5000 دیگر سکول بھی منصوبے میں شامل ہیں ۔ ان خیالات کااظہار صوبائی وزیر تعلیم رانا مشہود احمد خان نے گزشتہ روز محکمانہ اجلاس کی صدارت کے دوران کیا ہے ۔ صوبائی وزیر تعلیم رانا مشہود احمد حان نے کہا کہ دورافتادہ علاقوں میں قائم سرکاری سکولوں میں بجلی کی مسلسل فراہمی ایک اہم ضرورت ہے ۔ ان سکولوں کو شمسی توانائی پر منتقل کرنے سے طلباء کو آسانی میسر آئے گی اور سکولوں کو بجلی کی فراہمی کا ایک سستا ذریعہ بھی مہیاہو ۔ رانا مشہود احمد نے کہا کہ جن اضلاع کے دیہات میں سکولوں کو شسمی توانائی پر منتقل کیا جا رہا ہے ،ان کے ای ڈی اوز کو درکار فنڈز منتقل کر دئیے گئے ہیں اور رواں مالی سال کے دوران یہ منصوبہ مکمل ہو جائے گا ۔ صوبائی وزیر تعلیم رانا مشہود احمد خان نے کہا کہ فروغ تعلیم وزیر اعلی محمد شہباز شریف کے ترقیاتی وژن کا بنیادی نکتہ ہے ،محکمہ تعلیم پنجاب نے درسی کتب کی مفت فراہمی کے بعد اب بچوں کو سکول بیگز اور سٹیشنری باکس کی بلا معاوضہ فراہمی کے منصوبے پر بھی کام شروع کر دیا اور اگلے تعلیمی سال کے آغاز میں طلباء اس سہولت سے مستفید ہو سکیں گے ۔