گورنمنٹ کالج یونیورسٹی ،عبد السلام سکول برائے میتھ مٹیکل سائنسز کی رونقیں پھر بحال

لاہور( کامرس رپورٹر) گورنمنٹ کالج یونیورسٹی لاہور عبد السلام سکول آف میتھ مٹیکل سائنسز کی تحقیق اور تدریسی رونقیں پھر سے بحال،دوماہ کے قلیل عرصے میں 12غیر ملکی ماہرینِ ریاضیات ڈاکٹرل سکول کی فیکلٹی کا حصہ بن گئے۔یہ ماہرین گزشتہ برس سابقہ ڈائریکٹر جنرل کے استعفیٰ کے بعد سکول چھوڑ کر چلے گئے تھے۔یورپین میتھ مٹیکل سوسائٹی کی ترقی پذیر ممالک کی کمیٹی کے صدر پروفیسر مائیکل والٹس سمتھ بھی گزشتہ روز تحقیقی اور تدریسی سرگرمیوں کا جائزہ لینے سلام سکول پہنچ گئے، وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر حسن امیر شاہ اور ڈائریکٹر جنرل پروفیسر ڈاکٹر شاہد سعیدصدیقی سے تفصیلی ملاقات کی اور سکول کی ترقی کے حوالے سے منصوبہ بندی کا تفصیلی جائزہ لیا ۔اس موقع پر وائس چانسلر کا کہنا تھا کہ بلغاریہ ،جرمنی،رومانیہ،فرانس اور کروشیاسے 12ماہرینِ ریاضیات سکول میں تدریسی اور تحقیقی سرگرمیوں کی نگرانی کر رہے ہیں ،جبکہ یہاں57سے زائدطلباء پی ایچ ڈی پروگرام میں زیرِ تعلیم ہیں ۔انہوں نے کہا کہ آئندہ ہفتوں میں مزید غیر ملکی ماہرین عبدالسلام سکول کی فیکلٹی کا حصہ بنیں گے۔ان کا کہنا تھا کہ غیر ملکی اساتذہ کی واپسی ہائر ایجوکیشن کمیشن آف پاکستان اور سکول کے سابق ڈائریکٹر جنرل اے ڈی رضا چوہدری کے تعاون سے ممکن ہوئی۔انہوں نے کہا کہ جب انہوں نے وائس چانسلر کا چارج سنبھالا تو عبدالسلام سکول میں کوئی فیکلٹی ممبر موجود نہیں تھا۔



اور اس کی تدریسی سرگرمیوں کی بحالی ان کے لیئے بہت بڑا چیلنج تھا۔انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں عبدالسلام سکول آف میتھ مٹیکل سائنسز کا ایک مقام ہے اور اس سکول نے گزشتہ آٹھ برس کے قلیل عرصے میں اس ملک کو ریاضی میں 125سے زائد پی ایچ ڈی دیئے ہیں۔