مذاکرات کامیاب ،پرائیویٹ سکولز ایسوسی ایشن کا آج سے سکول کھولنے کا اعلان،سکول مالکان کیخلاف مقدمات ختم کر دیئے جائینگے:رانا مشہود

لاہور (اپنے نامہ نگار سے،آئی این پی ،این این آئی ) حکومت اورپرایؤیٹ سکولز ایسوسی ایشن کے درمیان آج سے تعلیمی ادارے کھولنے کے حوالے سے مذاکرات کامیاب ہو گئے ،جس کے بعد آل پاکستان پرایؤیٹ سکولز فیڈریشن اور آل پاکستان پرایؤیٹ سکولز مینجمنٹ ایسوسی ایشن نے آج یکم فروری سے لاہور سمیت پنجاب بھر میں تعلیمی ادارے کھولنے کا اعلان کر دیا ہے۔اس موقع پر صوبائی وزیر تعلیم رانا مشہود احمد خان نے پرایؤیٹ سکولز ایسوسی ایشن سے کامیاب مذاکرات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پرائیویٹ سکولز مالکان سے مذاکرات کامیاب ہو گئے ہیں اور آج یکم فروری سے تمام تعلیمی ادارے کھل رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تمام تعلیمی اداروں کیلئے جو ایس او پی بنایا تھا اس پر عملدرآمد کا جائزہ لیا جا رہا ہے، انہوں نے کہاکہ سکولوں میں سیکیورٹی کے معاملات ٹھیک ہونے پر سکول مالکان پر درج مقدمات ختم کر دئیے جائیں گے ۔وزیر تعلیم کاکہناتھاکہ سکولوں کی حفاظت کا نظام مزید موثر اور فول پروف بنانے کے لئے سکول کونسلز کو فعال کیا جا رہا ہے اور انہیں درکار فنڈز فراہم کئے جارہے ہیں ۔اپنے بچوں کی حفاظت کے لئے ہر حد تک جا سکتے ہیں۔ دہشت گردی کے نظریے کی حمایت کرنے والی سوچ اور بیانیے کو تبدیل کر کے اس مائنڈ سیٹ کوشکست دی جا سکتی ہے۔ آئی جی پنجاب نے صوبہ بھر کے ایس ایچ اوز کو اپنے حلقوں میں سکولوں کی سکیورٹی کے سخت انتظامات،روازنہ کی بنیادوں پر سکیوررٹی رپورٹس بھی تیار کر کے آئی جی سیکرٹر یٹ بجھوانے کی ہدایات کر دی ہیں جبکہ دوسری طرف حکومت نے پو لیس سمیت تمام اداروں کو سکیورٹی انتظامات یقینی بنانے اور انکو روزانہ کی بنیادوں پر چیک کر نے کی بھی سختی سے ہدایت کردی ہے اور جو پر ائیوٹ سکولز آج نہیں کھلیں گے انکے خلاف کاروائی بھی کی جائیگی ۔قبل ازیں مذاکرات کے دوران فیسوں کا معاملہ اٹھانے پر پرائیویٹ سکولوں کے مالکان دو دھڑوں میں تقسیم ہو گئے اور ایک دھڑے بھی ڈی سی او سے تلخ کلامی بھی ہوئی جس کے بعد ناراض دھڑا مذاکرات سے اٹھ کر چلا گیا تاہم ڈی سی او لاہور انہیں منا کر واپس مذاکرات کی میز پر لائے۔ ڈی سی او کیپٹن ریٹائرڈ محمد عثمان نے کہا کہ سکولوں کی سیکورٹی کے حوالے سے بلائے گئے اجلاس میں فیسوں کا معاملہ نہ اٹھایا جائے، سکیورٹی کے نام پر کچھ اسکول مالکان فیسیں بڑھانا چاہتے ہیں لیکن سکیورٹی کے نام پر فیسیں بڑھانے کی اجازت نہیں دیں گے۔ اس موقع پرپرائیویٹ سکولز ایسوسی ایشن کے رہنماؤں کاشف مرزااور ادیب جاودانی نے (آج) سے سکول کھولنے کا اعلان کیا۔