طویل انتظار ختم ، ایل ڈی اے ایونیوون کے 1278متاثرین کو متبادل پلاٹ الاٹ

 لاہور (اپنے خبر نگا ر سے) ایل ڈی اے ایونیو ون کے متاثرین کا طویل انتظار ختم ہو گیا۔لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل احد خاں چیمہ کی زیر نگرانی منعقدہ قرعہ اندازی میں ایل ڈی اے ایونیو ون کے1278 متاثرین کومتبادل پلاٹ الاٹ کر دئیے گئے ۔ایل ڈی اے ایونیو ون کے 2894الاٹیوں کے پلاٹوں کا معاملہ طویل عرصے سے جاری قانونی چارہ جوئی کے باعث زیر التوا تھا‘ ان میں ایک کنال کے 1007اور 10مرلے کے 1887پلاٹ شامل تھے ۔ ڈائریکٹر جنرل ایل ڈی اے احد خاں چیمہ کی رہنمائی اور نگرانی میں ان کی ٹیم نے تقریبا ایک سال تک انتھک محنت کر کے سکیم میں 1599اضافی پلاٹ تخلیق کئے ۔ پہلے مرحلے میں سکیم کی ری پلاننگ سے متاثر ہونے والے 321الاٹیوں کو متبادل پلاٹ 24جنوری 2015ء کو الاٹ کئے گئے ۔ باقی 2894متاثرین کو متبادل پلاٹوں کی الاٹمنٹ کے لئے قرعہ اندازی گزشتہ روز پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کے تعاون سے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں کی موجودگی میں کی گئی اور دستیاب 1278 پلاٹ مالکان کو متبادل پلاٹ کے طور پر الاٹ کر دئیے گئے ۔ان میں ایک کنال کے 680 اور 10مرلے کے 598پلاٹ شامل ہیں ۔ مقدمات کے فیصلے کے بعد باقی 1616متاثرین کو بھی پلاٹ د ینے کا انتظام کیا جا ئے گا۔قرعہ اندازی کے موقع پر ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل (ہیڈ کوارٹرز ) آمنہ منیر‘ چیف ٹاؤن پلانر چودھری محمد اکرم‘ ڈائریکٹر فنانس ظہیر اصغر رانا ‘ ڈائریکٹر ریونیوفارقلیط میر‘ ڈائریکٹر ایڈمنسٹریشن خالد پرویز ‘ڈائریکٹر ایونیو ون ندیم عباس بھنگو ‘ دیگر متعلقہ افسران اور متاثرین کے نمائندے بھی موجود تھے۔ ذرائع ابلاغ کے نمائندوں اور متاثرین نے قرعہ اندازی کا عمل شروع کروانے میں خود بھی حصہ لیا ۔ سرکاری ملازمین کے لئے ایل ڈی اے ایونیو ون ہاؤسنگ سکیم 2003ء میں شرو ع کی گئی تھی اور اس میں پلاٹ حاصل کرنے کے خواہشمند تمام 10983 درخواست گزاروں کو پلاٹ الاٹ کردئیے گئے تھے تاہم سکیم کے لئے مختص رقبے پر بعض مقامات پر قانونی چارہ جوئی کی وجہ سے تقریبا تین ہزار الاٹیوں کے پلاٹوں کا معاملہ 11سال سے زائد عرصہ گزر جانے کے با وجود زیر التواء تھا۔