میٹرک امتحانات کے د وران فول پروف سکیورٹی یقینی بنائی جائے، رانا مشہود

لاہور( اپنے نامہ نگار سے ) صوبائی وزیر تعلیم رانا مشہود احمد خاں نے پنجاب کے تمام تعلیمی بورڈز کو ہدایت کی ہے کہ صوبہ بھر میں نویں اور دسویں کے سالانہ امتحان برائے2016 انعقاد کیلئے جامع انتظامات کے علاوہ فول پروف سکیورٹی یقینی بنائی جائے۔ اس سلسلہ میں کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور بورڈ کے کمیٹی روم میں منعقدہ پنجاب بورڈز کمیٹی آف چیئرمین (PBCC) کے ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا ہے۔ اجلاس میں صوبے کے تمام 9تعلیمی بورڈز کے چیئرمین شریک ہوئے۔وزیر تعلیم نے تمام چیئرمینوں کو ہد ایت کی کہ مذکورہ بالا امتحانات کومنظم انداز میں پایہ تکمیل تک پہنچایا جائے۔انہوں نے امتحانات کی نگرانی کرنے کیلئے اساتذہ کی ڈیوٹیاں لگانے اور امتحانی پرچوں کی تیاری ، سیکریسی اور امتحانی مراکز کے بارے میں تعلیمی بورڈز کے سربراہان کو تمام تر تیاریاں مکمل کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ نویں اور دسویں جماعت کے امتحانات طلبہ کے کیرئیر کا انتہائی اہم موڑ ہیں اس لئے ان امتحانات کے شفاف اور ہر قسم کے نقص سے پاک انعقاد کو یقینی بنانامتعلقہ محکمے کی بنیادی ذمہ داری ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اپنی ذمہ داری فرض شنانسی سے ادانہ کرنیوالے سٹاف کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے گا۔صوبائی وزیر نے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب شعبہ تعلیم کو جدید خطوط ہر استوار کرنے اوراسے عصر حاضر کی ضروریات سے ہم آہنگ کرنے کیلئے دن رات کوشاں ہیں اور وہ بجا طور پر محکمہ تعلیم بالخصوص تعلیمی بورڈز کی کارکردگی کو عالمی معیار کے عین مطابق بنانے کیلئے بھرپور جدوجہد اور کوشش پر یقین رکھتے ہیں۔رانا مشہود احمد خان اور اجلاس کے شرکا نے امتحانات کے شفاف انعقاد ، کمپیوٹرائزیشن اور آٹومیشن کے نظام کا تفصیلی جائزہ لیا اور اس میں مزید بہتری لانے کے لیے ہدایات جاری کیں۔ تمام بورڈز کے چیئرمینوں نے اپنے اپنے بورڈ کے حوالے سے کمپیوٹرائزڈ اور آٹو میٹڈ کارکردگی کے بارے میں صوبائی وزیر کو آگاہ کیا ۔ وزیر تعلیم نے ہدایت کی کہ تمام بورڈز لاہور بورڈ کی طرز پر اپنی آٹومیشن کو یقینی بنائیں۔