ہشتم انگلش کا پیپر آؤٹ آف سلیبس آنے پراساتذہ ، طلباء کے اوسان خطاء ہوگئے

لاہور( اپنے نامہ نگار سے ) پیک کے زیر اہتمام ہونے والے آٹھویں جماعت کے امتحان میں انگلش کا پیپر آؤٹ آف سلیبس آنے پراساتذہ ، طلباء اور والدین کے اوسان خطا ہو گئے کیونکہ پیپر بی اے لیول کا تھا جس کو طالب علم تو کیا کوئی پارلیمنٹیرین بھی حل کرنے سے قاصر ہوگا ۔ معلوم نہیں پیپر تیار کرنے والوں نے طالب علم کی دماغی صلاحیتوں کو ملحوظ خاطر رکھے بغیر اپنی صلاحیت کے برابر پیپر تیار کیوں کرتے ہیں جس سے اساتذہ کو تو یقینی نقصان ہونا ہے مگر بچوں کی تعلیم کا جو نقصان کیا جارہا ہے وہ ناقابل تلافی ہے ۔ کیونکہ بچوں کو فیل ہونے کی صورت میں بھی اگلی کلاسوں میں پروموٹ کیا جانا ہے اور اسی وجہ سے بچے آئندہ سے فیل ہونے کے خوف سے آزاد ہو جائیں گے تواپنی دماغی صلاحیتوں کو استعمال کرنے سے گریز کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار پنجاب ٹیچرز یونین کے مرکزی صدر اللہ بخش قیصر، تاج حیدر ، چودھری اللہ رکھا، وحید مراد ، منیرچغتائی نے شدید ردعمل کااظہار کرتے ہوئے کیا ہے۔




اساتذہ رہنماؤں نے کہا کہ نظام تعلیم کی بنیادیں کھوکھلی کی جا رہی ہیں اس سے اساتذہ کی ملازمتیں خطرے میں پڑ جائیں گی ۔ اس طرح ملک کی نظریاتی سرحدوں کے محافظ اپنے حق ملازمت سے محروم بھی ہو جائیں گے اور معاشرے میں ان کو بے توقیر کردیا جائے گا۔ حکومت کے ان عزائم نے اساتذہ میں بے چینی میں لامحدود اضافہ کردیا ہے اور اساتذہ کرام شب روزذہنی دباؤ کا شکار رہتے ہیں دوسری طرح جناب سیکرٹری تعلیم پنجاب نے اساتذہ تنظیموں کو دھڑے بندیوں میں تبدیل کروا کر حکومتی مذموم عزائم کو پایا تکمیل تک پہنچانے کا منصوبہ تیار کرلیا ہے ۔ اس مقصد کے لئے اساتذہ کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کیاجا رہا ہے جس کے لئے پنجاب ٹیچرز یونین کے زیر اہتمام 19 فروری کو ایک سنٹرل کمیٹی کا اجلاس منعقد ہو رہا ہے جس میں صوبائی سطح پر احتجاجی تحریک شروع کی جا رہی ہے۔