مسلم ٹاؤن :طلباء تنظیموں میں تصادم ، 20 طالب علم زخمی

لاہور(وقائع نگار)مسلم ٹاون کے علاقہ میں سرکاری یونیورسٹی کے ہاسٹل میں طلباء تنظیموں میں تصادم کے باعث 20نوجوان زخمی ہوگئے، تصادم کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی پولیس نے تمام زخمیوں کو ہسپتال منتقل کردیا۔تفصیلات کے مطابق مسلم ٹاون کے علاقہ میں واقعہ سرکاری یونیورسٹی کے ہاسٹلز میں دوطلباء تنظیموں میں ہاسٹل نمبر4کے باہر تصادم ہوگیا،اس دوران ڈنڈے سوٹے اور لوہے کے راڈ چلنے سے بیس طالب علم زخمی ہوگئے۔تصادم کے دوران یونیورسٹی میں خوف وہراس پھیل گیا،واقعہ کی اطلاع ملنے پر مسلم ٹاون پولیس موقع پر پہنچ گئی اور حالات کوقابو میں کرنے کے بعد تمام زخمیوں کو ہسپتال منتقل کردیا۔پولیس کے مطابق واقعہ کے حوالے سے مقدمہ کے اندارج کے لئے تاحال کوئی درخواست موصول نہ ہوئی ہے اور نہ ہی کسی طالب علم کو گرفتار کیا گیا ہے،واقعہ کے حوالے سے درخواست موصول ہونے پر مزید کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔