گمشدہ بچوں کو والدین کی تلاش کے بعد حوالے کیا جا رہا ہے،صبا ء صادق


لاہور (لیڈی رپورٹر) چیئر پرسن چائلڈ پروٹیکشن بیورو صبا صادق کی خصوصی ہدایت پرچائلڈ پروٹیکشن بیورو کی فیملی ٹریسنگ ٹیم کی جانب سے گھر سے بھاگے اور گمشدہ بچوں کو والدین کی تلاش کے بعد حوالے کیا جا رہا ہے۔ اس سلسلے میں چائلڈ پروٹیکشن بیورو کی فیملی ٹریسنگ نے پتوکی کے 10سالہ بچے احد ولد شبیر کے والدین کو تلاش کرنے کے بعد والدین کے حوالے کر دیا۔ یہ بچہ گھر سے بھاگ کر پتوکی سے لاہور آگیا اور ریلوے سٹیشن لاہور پرریلوے پولیس نے اس بچے کوچائلڈ پروٹیکشن بیورو کے قائم کردہ اوپن ریسیپشن سینٹر کے حو الے کیا جہاں سے اس بچے کو چائلڈ پروٹیکشن بیورو کے ہیڈ آفس میں منتقل کردیا گیا اور اس بچے کے والدین کی تلاش کا کام شروع کیا گیا۔ اس بچے کے والدین نے بچے کے اغواء کی رپورٹ درج کروائی لیکن یہ بچہ اغواء نہیں ہوا تھا بلکہ خود گھر سے بھاگ کر گیا تھا اور بیورو کی فیملی ٹریسنگ ٹیم نے بچے کے والدین کو تلاش کرکے بچہ ان کے حو الے کردیا۔ چیئر پرسن چائلڈ پروٹیکشن بیورو صبا صادق نے کہا کہ گھر سے بھاگے اور گمشدہ بچوں کی تلاش کے حوالے سے چائلڈ پروٹیکشن بیورو اور پنجاب پولیس مل کر کام کر رہے ہیں اور کافی تعداد میں بچوں کو تلاش کے بعد ان کیوالدین کے حوالے کیا گیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ گھر سے بھاگے یا گمشدہ بچوں کے بارے میں معلومات یا فوری اطلاع چائلڈ ہیلپ لائن 1121پر دی جائے تاکہ ان بچوں کے والدین کو تلاش کرنے کے بعد ان کے والدین تک پہنچایا جائے۔