اساتذہ دشمن پالیسیوں کے خلاف پنجاب ٹیچرز کونسل کا تحریک چلانے کا فیصلہ

لاہور(خبرنگار) حکومت کی اساتذہ دشمن پالیسیوں کے خلاف اساتذہ تنظیموں کے اتحاد پنجاب ٹیچرز کونسل نے تحریک چلانے کا فیصلہ کرلیا ، لائحہ عمل کے لئے اجلاس آج منعقدہ ہوگا۔ تفصیل کے مطابق پنجاب ٹیچرز یونین کے مرکزی صدر اللہ بخش قیصر کی صدارت میں ایک اہم اجلاس مجلس عاملہ پنجاب منعقدہوا جس میں 32ارکان نے اللہ بخش قیصر پر بھر پور اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ اس وقت اساتذہ جس پوزیشن میں ہیں اور حکومت نجکاری کر رہی ہے تو ہم آپ جیسے لیڈر کو کھونا نہیں چاہتے ۔ چنانچہ متفقہ طور پر تحریر کرتے ہوئے تمام ارکان نے ان پر مکمل اعتماد کیا اور آج مورخہ11اگست کو ہونے والے پنجاب ٹیچرز کونسل کے کل جماعتی اتحاد کے اجلاس میں شرکت کرنے کا اختیار دیا ۔ جس میں نجکاری ، اساتذہ دشمن پالیساں ، چودہ نکاتی ایجنڈا ، اپ گریڈیشن آف سکیل اور اساتذہ کو سزاؤں پر بھی تنقید کی گئی ۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مقررین کا کہناتھا کہ 14اگست کے بعد حکومت کو من مانیاں نہیں کرنے دیں گے ۔ ہر شہری قانون کے تابع ہے اور حکومت پنجاب روپ بدل بدل کرکبھی پیف اور کبھی دانش کے شکل میں لاکھوں روپے مالیت کے سکولوں کو نجکاری کا نشانہ بنا رہی ہے ۔ جس سے اساتذہ میں بے چینی کی لہر دوڑ گئی ہے اور اساتذہ پنجاب متحد ہو کر تحریک چلانے کا لائحہ عمل تیار کرنے کیلئے متحد ہیں جس کا فیصلہ 11اگست کو لاہور میں کل جماعتی اتحاد کے اجلا س میں ہوگا۔ اجلاس میں منیر چغتائی ، وحید مراد ، سعید ورک، قیصر عباس ، مہر حبیب ، فیصل حسنین غفاری ، ملک امتیاز اعوان ، ظہور احمد ، میاں امتیاز ، ظفر عباس شریک ہوئے ۔