لاہور نالج پارک کا منصوبہ ملک کے تعلیمی شیبے میں سنگ میل ثابت ہو گا :شہباز شریف

لاہور(جنرل رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ لاہور نالج پارک کا منصوبہ تعلیم کے شعبے میں ایک سنگ میل ثابت ہوگا اور طلبا و طالبات کو جدید علوم اور ریسرچ سے روشناس کرانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔ وزیراعلیٰ نے منصوبے کو جلد عملی جامہ پہنانے کیلئے ہرممکن اقدامات کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ یہ منصوبہ بھی پنجاب حکومت کے دیگر منصوبوں کی طرح شفافیت، معیار اور تیز رفتاری کا شاہکار اور منصوبے کا انفراسٹرکچر سٹیٹ آف دی آرٹ ہونا چاہیئے۔ وہ لاہو رنالج پارک کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے اجلاس کی صدارت کر رہے تھے جس میں منصوبے کے ابتدائی ڈیزائن اور ماسٹر پلان کا جائزہ لیا گیا۔ وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت پنجاب تعلیمی شعبے کی بہتری کیلئے جامع روڈمیپ پر عمل پیرا ہے اور اس کے بڑے مثبت نتائج سامنے آئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ معیاری تعلیم کے فروغ اور نوجوان نسل کو جدید علوم سے آراستہ کئے بغیر ترقی کا خواب کبھی شرمندہ تعبیر نہیں ہوسکتا اور اسی مقصد کو پیش نظر رکھتے ہوئے معیاری تعلیم کا فروغ حکومت پنجاب کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ لاہو رنالج پارک کا منصوبہ بھی نوجوانوں کو جدید علوم سے آراستہ کرنے کی ایک کڑی ہے جہاں دنیا کی بہترین یونیورسٹیوں کے کیمپس قائم کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ لاہور نالج پارک کے منصوبے کو تیزی سے حتمی شکل دی جا رہی ہے او ریہ منصوبہ بھی حکومت پنجاب کے دیگر منصوبوں کی طرح شفاف اوراعلیٰ معیار کا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ لاہور کے بہترین مقام پر نالج پارک کے قیام سے تعلیمی شعبے میں ایک انقلاب آفرین مثبت تبدیلی آئے گی اور یہاں پاکستان بھر کے نوجوانوں کو بین الاقوامی یونیورسٹیوں کے کیمپس میں تعلیم کے حصول کے شاندار مواقع میسر آئیں گے۔ انہوں نے کہا کہ دنیا کی بہترین یونیورسٹیوں کو نالج پارک میں لانے کیلئے جامع پلان فی الفور مرتب کرکے اس پر عملدرآمد کیا جائے ۔نہوں نے کہا کہ لاہو رنالج پارک کا منصوبہ نوجوانو ں کو اعلیٰ تعلیم دے کر بااختیار بنانے کے حکومتی اقدامات کا تسلسل ہے۔ لاہور نالج پارک کمپنی کے مشیر و ہارورڈ یونیورسٹی کے پروفیسر ڈاکٹرسپریو پولالس نے منصوبے کے ابتدائی ڈیزائن اور ماسٹر پلان کے بارے میں بریفنگ دی۔ اجلاس میں صوبائی وزیر ہائیر ایجوکیشن بیگم ذکیہ شاہنواز، چیئرمین منصوبہ بندی و ترقیات، چیئرمین ڈیسکون گروپ رزاق داؤد، سیکرٹری ہائرایجوکیشن، چیئرمین پنجاب ہائیرایجوکیشن کمیشن، سینئر نائب صدر لاہور چیمبر آف کامرس الماس حیدر اور متعلقہ حکام نے شرکت کی۔ وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف کی زیرصدارت فورٹ منرو ڈویلپمنٹ اتھارٹی کا اجلاس منعقد ہوا جس میں چیئرمین فورٹ منرو ڈویلپمنٹ اتھارٹی ایم این اے اویس لغاری نے فورٹ منرو ویلفیئر سٹی کے قیام کے بارے میں تجاویز پر بریفنگ دی جبکہ چیف ایگزیکٹو رشید میموریل ویلفیئر آرگنائزیشن ائیرکموڈور (ر) شبیر خان نے رشید آباد سٹی کے قیام اور سماجی سرگرمیوں کے بارے میں آگاہ کیا۔ وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ فورٹ منرو جنوبی پنجاب کا ایک سیاحتی مقام ہے اور اس علاقے کو ترقی دے کر سیاحتی، معاشی و سماجی سرگرمیوں کو فروغ دیا جاسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت رشید آباد سٹی کی طرز پر فورٹ منرو ویلفیئر سٹی کے قیام کا جائزہ لے گی اور اس ضمن میں تجاویز کا جائزہ لے کر مستقبل کیلئے لائحہ عمل تیار کیا جائے گا۔ جنوبی پنجاب میں اربوں روپے کی لاگت سے مکمل ہونے والے میگاپراجیکٹس سے عوام مستفید ہو رہے ہیں۔ انہو ں نے کہا کہ مظفرگڑھ میں سٹیٹ آف دی آرٹ رجب طیب اردوان ہسپتال کے قیام سے علاقے کے عوام کو جدید اور معیاری طبی سہولتیں میسر آئی ہیں۔ رواں مالی سال کے بجٹ میں بھی جنوبی پنجاب کی ترقی کیلئے ریکارڈ فنڈز مختص کئے گئے ہیں۔ وزیراعلیٰ نے رشید میموریل ویلفیئر آرگنائزیشن کے زیراہتمام سماجی سرگرمیوں کے اقدامات کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ دکھی انسانیت کی خدمت کیلئے رشید میموریل ویلفیئر آرگنائزیشن اور ادارے کے روح رواں ائیرکموڈور شبیر خان کی خدمات لائق تحسین ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دکھی انسانیت کی خدمت بڑی عبادت ہے اور اس کارخیر میں حصہ لینے والے دنیا و آخرت دونوں کما رہے ہیں۔ پنجاب حکومت نے بھی غریب عوام کو سہولتوں کی فراہمی کیلئے اربوں روپے کے فلاحی پروگرام شروع کر رکھے ہیں۔ صوبائی وزراء عائشہ غوث پاشا، تنویر اسلم ملک، چیئرمین فورٹ منرو ڈویلپمنٹ اتھارٹی ایم این اے سردار اویس احمد لغاری، چیف سیکرٹری، چیف ایگزیکٹو رشید میموریل ویلفیئر آرگنائزیشن ائیرکموڈور (ر) شبیر خان، ائیرمارشل (ر) قاضی جاوید احمد، ائیرمارشل فاروق حبیب، چیئرمین منصوبہ بندی و ترقیات، متعلقہ محکموں کے سیکرٹریز، اعلیٰ حکام اور فورٹ منرو ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے افسران نے اجلاس میں شرکت کی جبکہ کمشنر ڈیرہ غازی خان ڈویژن اور ڈی سی او ڈیرہ غازی خان ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے۔