پنجاب میں انگلش ذریعہ تعلیم کو اختیاری قرار دیا جائے ،رشید احمد

لاہور(خبرنگار) ہیڈ ماسٹرز ایسوسی ایشن پنجاب کے مرکزی صدر رشید احمد بھٹی، سیکریٹری جنرل سکندر حیات سسرانا، چوہدری فیاض احمد وڑائچ، حسن محمود شاھین ،رانا محمد اسلم انجم ،چوہدری سکندر ذوالقرنین،وحید جاوید،جمشید کمبوہ،سید حیدر علی کاظمی،ملک ناصر عباس ، جمیل احمدرضوی اور رانامنظور احمد نے کہا ہے کہ ہم وزیراعلٰی پنجاب،چیف سیکریٹری،وزیرتعلیم اور سیکریٹری سکولز پنجاب سے مطالبہ کرتے ہیں کہ کمزور امتحانی نتائج اور ڈراپ آوٹ پر آفسران اور سکولوں کے سربراہان کی بجائے عدم تعاون کرنے والے طلباء ،والدین اور متعلقہ ذمہ داران کو سزائیں دی جائیں۔پنجاب میں انگلش ذریعہ تعلیم کو اختیاری قرار دیا جائے تاکہ طلباء اپنی اہلیت اور مرضی کے مطابق انگلش یا اُردومیڈیم ذریعہ تعلیم اختیار کر کے سکول چھوڑنے کی بجائے اپنی تعلیم مکمل کرسکیں۔
گورنمنٹ سکولوں کے طلباء کونظم وضبط کا پابند بنانے کے لیئے ختم کیے گئے قوانین بحال کیے جائیں۔امتحانی نتائج اور ڈراپ آوٹ پر سزائیں دینے کے لیئے بنائے گئے ظالمانہ ،غیر مُنصفانہ فارمولوں کو فی الفور ختم کیا جائے ۔انتطامی آفسران اور سکولوں کے سر براہان کو سزائیں دے کر کبھی بھی بہتر ی نہیں آسکتی ہاں اگر انتظامی اُموریا حکومتی پالیسیوں کے نفاذ میں کوتاہی ہو تو پُوچھ گچھ پر کوئی اعتراض نہیں۔