انٹری ٹیسٹ کے موقع پر سٹوڈنٹس کو درپیش مشکلات پر انتظامیہ کو توجہ دینا ہوگی، غلام عباس


لاہور (پ ر) انٹری ٹیسٹ کے موقع پر امتحانی سنٹرز پر سٹوڈنٹس کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے، جس پر پنجاب کی انتظامیہ کو توجہ دینا ہوگی۔ ان خیالات کا اظہار غدیر ویلفیئر آرگنائزیشن کے صدر علامہ سید غلام عباس شیرازی اور سیکرٹری جنرل ہدایت اللہ گبول نے اپنے ایک بیان میں کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ متعلقہ سنٹروں پر انتظامات ناکافی ہونے کی بناء پر امتحانی سنٹر میں داخل ہوتے اور باہر نکلتے وقت کئی طالبات بے ہوش ہو جاتی ہیں، کیونکہ رش بہت زیادہ ہوتا ہے۔ انہوں نے طلباء وطالبات کو بھی کہا ہے کہ وہ امتحانی سنٹرز میں اندر داخل ہوتے وقت اور باہر نکلتے وقت صبر کا دامن ہاتھ سے نہ چھوڑیں، بلکہ لائن بنا کر مہذب طریقہ سے داخل ہوں۔