تعلیمی اداروں میں انرولمنٹ میں اضافہ اور اعلیٰ تعلیم دینا پہلی ترجیح ہے،طارق رفیق

epaper


لاہور(لیاقت کھرل) نئے ای ڈی او تعلیم لاہور طارق رفیق نے کہا ہے کہ لاہور کے سرکاری تعلیمی اداروں میں انرولمنٹ میں اضافہ اور وزیر اعلیٰ پنجاب کے ویژن کے مطابق معیاری اور اعلیٰ تعلیم دینا پہلی ترجیح ہے۔ اساتذہ کے پینڈنگ مسائل کو فوری حل کیاجائے گا جس میں اساتذہ کی اَپ گریڈیشن جیسے اہم مسائل حل کرنے میں بنیادی کردار ادا کروں گا تاہم اس میں کارکردگی کا جائزہ لیا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ای ڈی او تعلیم لاہور کا عہدہ سنبھالنے کے بعد ’’پاکستان‘‘ سے بات چیت کے دوران کیا ہے۔ اس موقع پر نئے ای ڈی او تعلیم لاہور طارق رفیق نے کہا ہے کہ ان کا پہلا ایجنڈا لاہور کے سرکاری سکولوں میں بچوں کی انرولمنٹ میں اضافہ اور وزیر اعلیٰ پنجاب کے ویژن کے مطابق بچوں کواعلیٰ اور معیاری تعلیم دینا ہے۔ اس کے لئے کسی قسم کی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ لاہور کے سرکاری سکولوں کو ماڈل سکولز بنا کر دم لوں گا۔


۔ اس میں کسی قسم کا کمپرومائز نہیں کیا جائے گا۔ اچھے رزلٹ کے حامل سکولز اور ان کے سربراہ اور اساتذہ ان کی ٹیم کا حصہ ہوں گے، تاہم کم چور اور نااہل اساتذہ کے خلاف کارروائی تیز کی جائے گی۔ تاہم اساتذہ کے پینڈنگ مسائل کو حل کیا جائے گا۔ اس میں اساتذہ کے ایک جگہ سے دوسرے سکول میں تبادلے کے حوالے سے پابندی ختم کردی گئی ہے اور اس کے ساتھ ساتھ اساتذہ کے سکیلوں کی اَپ گریڈیشن بھی کی جائے گی جس میں بھرپو کردار کیا جائے گا۔ یاد رہے کہ محکمہ سکولز ایجوکیشن نے عارضی طور پر تعینات ای ڈی او ایجوکیشن لاہور طارق رفیق کو مستقل کر دیا ہے۔طارق رفیق کے پاس ڈی ای او کینٹ کا مستقل اور ایگزیکٹو ڈسٹرکٹ آفیسر ایجوکیشن لاہور کا عارضی چارج تھا۔ طارق رفیق نے ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر کینٹ کی سیٹ خالی کر کے ایگزیکٹو ڈسٹرکٹ آفیسر ایجوکیشن لاہور کا مستقل عہدہ سنبھال لیا۔ اس کے علاوہ محکمہ سکول ایجوکیشن نے حامد سعید کو ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر کینٹ اور احسان الحق کو ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر ہیڈ کوارٹرز تعینات کر دیا ہے۔واضح رہے کہ ای ڈی او ایجوکیشن کے عہدے کی عارضی تعیناتی سے مختلف مسائل سامنے آ رہے تھے جس کو حل کرنے کے لیے محکمہ ایجوکیشن نے ای ڈی او طارق رفیق کو مستقل کر دیا گیا ہے۔