پارٹنر سکول طالب علموں کیلئے تما م تعلیمی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنائیں،طارق محمود

لاہور(خبرنگار) پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن کے پارٹنر سکول طالب علموں کے لیے درکارتما م تعلیمی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنائیں ۔ کلاس رومز ہوا دار ہوں اور طالب علموں کے لیے ضروری فرنیچر مہیا ہو۔اسی طرح خوشگوار تعلیمی ماحول کے ساتھ ساتھ پینے کے صاف پانی اور کلین ٹائلٹ کی دستیابی پر بھی خصوصی توجہ دی جائے۔یہ بات مینجنگ ڈائریکٹر پنجا ب ایجوکیشن فاؤنڈیشن طارق محمود نے ہفتہ وار اجلاس سے خطاب کر تے ہوئے کہی۔ اجلاس میں ڈپٹی مینجنگ ڈائریکٹرز ،پروگرام ڈائریکٹرز اور دیگر افسران نے شرکت کی۔ اس موقع پر صوبے میں غریب بچوں کو نجی سکولوں کے اشتراک سے مفت تعلیم کی فراہمی کے منصوبوں پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ایم ڈی پیف نے کہا کہ پارٹنر سکولوں میں حفظان صحت کے اصولوں پر عمل درآمد نہ ہونے کی صورت میں کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ انہوں نے پروگرام ڈائریکٹرز کو ہدایت کی کہ پارٹنر سکولوں کی متواتر مانیٹرنگ کے لیے خصو صی ٹیمیں تشکیل دی جائیں۔




اس ٹیم کے اراکین مختلف اضلاع میں پارٹنر سکولوں کاماہانہ بنیادوں پر دورہ کیاکریں گے۔ اس موقع پر اجلاس کو بتایا گیا کہ پیف کے کنٹی نؤس پروفیشنل ڈویلپمنٹ پروگرام(CPDP) کی جانب سے ٹیچرز ڈویلپمنٹ پروگرام کے پہلے درجے کی 328تربیتی ورکشاپس میں مختلف اضلاع کے 1944پارٹنر سکولوں کے 9500اساتذہ کی پیشہ ورانہ تربیت کی جاچکی ہے جبکہ ٹیچرز ڈویلپمنٹ پروگرام کی درجہ دوم کی 328ٹریننگز 13اکتوبر تا 2دسمبر کے دوران منعقد کی جائیں گی۔ اس تربیتی ورکشاپس کا مقصد پارٹنر سکولوں کے اساتذہ کی تعلیمی قابلیت کو بہتر بنانا ہے تا کہ طالب علموں کو کوالٹی ایجوکیشن ملے۔ پروگرام ڈائریکٹرز نے اجلاس کو پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے منصوبوں کے توسط سے ضرورت مند بچوں کو مفت تعلیم کی فراہمی کے اقدامات کے بارے میں آگاہ کیا اور کہا کہ پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن نے تعلیمی پسماندگی کے خاتمے میں نمایا ں کامیابیاں حاصل کی ہیں۔