بجلی کے بل جمع نہ ہوسکے، خصوصی عدالتوں کے کنکشن منقطع ہو نیکا خدشہ


لاہور(نامہ نگار)جوڈیشل کمپلیکس فیز ٹو میں بجٹ کی عدم دستیابی کے باعث خصوصی عدالتوں کا 21 لاکھ روپے کا بل ادا نہ ہونے پرلیسکو نے بجلی کے کنکشن منقطع کرنے کی دھمکی دیتے ہوئے انتظامیہ کو آخری وارننگ دے دی ہے،جوڈیشل کمپلیکس فیز ٹو میں قائم 13خصوصی عدالتوں کا بجلی کابل وفاقی حکومت دے گی یاصوبائی معاملہ لٹک گیاہے۔عدالتی ذرائع کے مطابق اس ضمن میں فیڈرل ججوں نے وفاقی حکومت کوفنڈزدینے کامراسلہ بھی ارسال کردیاہے ۔تفصیلات کے مطابق عدالت عالیہ کی جانب سے 5اکتوبر 2015ء کو عوام الناس کی سہولت کے لئے مختلف مقامات پرقائم خصوصی عدالتوں کو نئی بلڈنگ تعمیر کرکے یکجا کردیاگیاتھا لیکن عدالتیں منتقل ہونے پر حکومت نے عمارتوں کی طرف توجہ دینا بند کردی ہے جس کا منہ بولتا ثبوت ہے کہ مذکورہ بلڈنگ میں قائم 9 وفاقی خصوصی عدالتیں اور 4 صوبائی عدالتوں کولیسکو کی طرف سے بھجوایا گیا21لاکھ کا بل ادا نہیں کیا جاسکا اس حوالے سے گزشتہ روزسیشن ججزسمیت دیگرججوں کاایک اجلاس منعقدہوا جس میں حکومت کو مراسلہ بھجوایا گیا کہ عدالتوں کے فنڈز فوری جاری کئے جائیں تاکہ بجلی کے بلوں کی ادائیگی کو ممکن بنایا جاسکے ۔