ایس ایم ای بینک کے سی ای او لاہور چیمبر کا دورہ کریں‘ ناصر حمید خان


لاہور(کامرس رپورٹر ) لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے قائم مقام صدر محمد ناصر حمید خان نے ایس ایم ای بینک کے چیف ایگزیکٹو آفیسر پر زور دیا ہے کہ وہ فوری طور پر لاہور چیمبر کا دورہ کرکے سمال اینڈ میڈیم انٹرپرائزز کے تحفظات دور کریں۔ ایس ایم ایز کے ایک وفد سے گفتگو کرتے ہوئے محمد ناصر حمید خان نے کہا کہ لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری ملک کا وہ واحد چیمبر ہے جس نے ایس ایم ای بینک کی نجکاری کی مخالفت کی لیکن جواباً بینک کے صدر اور چیف ایگزیکٹو آفیسر احسان الحق خان سرد مہری کا مظاہرہ کررہے ہیں اور لاہور چیمبر کی بار بار دعوت کے باوجود دورہ کرنے سے گریز کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری ایس ایم ایز کا نمائندہ اور اس شعبے کی ترقی کے لیے تجاویز دینا چاہتا ہے ۔ محمد ناصر حمید خان نے کہا کہ قومی اداروں کی تباہی میں ایسے بیوروکریٹک رویے نے اہم کردار ادا کیا ہے لہذا حکومت کو اس جانب توجہ دینی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ ایس ایم ای بینک کی انتظامیہ سمال اینڈ میڈیم انٹرپرائزز کے ساتھ دوستانہ رویہ اپنائے اور انہیں درپیش مسائل حل کرے۔

لاہور چیمبر کے قائم مقام صدر نے ایس ایم ای بینک کے صدر اور چیف ایگزیکٹو آفیسر پر زور دیا کہ وہ فوری طور پر لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا دورہ کریں۔
*****