پیڈمک میں جدید سہولیات کی فراہمی احسن فیصلہ ہے: رضوان خالد


لاہور(کامرس رپورٹر)پنجاب انڈسٹریل اسٹیٹس ڈویلپمنٹ اینڈ مینجمنٹ کمپنی (پیڈمک) کے چےئر مین رضوان خالد بٹ نے وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف کی طرف سے سندر انڈسٹریل اسٹیٹ میں توسیع کے فیصلہ کا خیرمقدم کیا اور کہا ہے کہ سندرانڈسٹریل اسٹیٹ میں توسیع سرمایہ کاروں کا مطالبہ اور اسٹیٹ آف دی آرٹ سہولتوں کی فراہمی کے ذریعہ ملک اور صوبہ کی اقتصادیات کی مضبوطی کی طرف اہم قدم ہے۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ سندر اسٹیٹ میں توسیع کے فیصلہ نے سرمایہ کاروں کے دل جیت لئے ہیں اس سے صوبہ پنجاب اور ملک کی اقتصادی اور صنعتی گروتھ میں اضافہ میں مدد ملے گی ۔ وزیراعلیٰ کے لاہور شیخوپورہ روڈ پر قائم انڈسٹری کیلئے انڈسٹریل زوننگ کے ریویوکے فیصلہ کو سراہتے ہوئے کہا کہ پنجاب میں انڈسٹریل زوننگ اور انڈسٹریز کی ریگولیشن وقت کا اہم ترین تقاضہ ہے انہوں نے واضح کیا کہ پیڈمک پہلے ہی واٹر ٹریٹمینٹ ،لیبر لاز اور دوسرے قوانین پر سختی سے کاربند ہے انہوں نے نئی صنعتوں پر پابندی کے ضمن میں عدم اعتراض کے سرٹیفیکیٹ اور نئی صنعتوں کے قیام میں رکاوٹوں کے خاتمہ کیلئے وزیراعلیٰ پنجاب کے اقدامات کا خیر مقدم کیا۔ اور کہا کہ اس سے انڈسٹری کو پھلنے پھولنے میں مدد ملے گی ۔