لاہور(کامر س رپورٹر)پنجاب انڈسٹریل اسٹیٹس ڈویلپمنٹ اینڈ مینجمنٹ کمپنی (پیڈمک) نئے سرمایہ کاروں کے لئے سہولیاتی ڈیسک قائم کرنے کا اعلان کیا ہے ۔ یہ ہیلپ ڈیسک پیڈمک کے ماتحت ادارہ قائداعظم انڈسٹریل اسٹیٹ میں بنایا جائے گا ۔ یہ بات پیڈمک کے چےئر مین رضوان خالد بٹ نے گزشتہ روز کہی ۔ انہوں نے کہا کہ سرمایہ کاروں کو ریسرچ کی بنیاد پر تیار کی جانے والی سٹڈیز فراہم کی جائے گی تاکہ وہ اپنی مرضی کے شعبوں میں سرمایہ کاری کر سکیں ۔ گزشتہ روز پیڈمک کی مختلف انڈسٹریل اسٹیٹس میں سرمایہ کاری میں دلچسپی رکھنے والے سرمایہ کاروں کے ایک گروپ سے گفتگو کر رہے تھے ۔ انہوں نے سرمایہ کاروں کو آگاہ کیا کہ پیڈمک کے زیر اہتمام پانچ ہزار ایکڑ پر آٹھ انڈسٹریل اسٹیٹس بنائی جا رہی ہیں اور ہر ایکڑ اراضی اوسطاََ 100۔افراد کو روزگار کے نئے مواقع فراہم کرے گی۔ اس طرح آئندہ ایک سے ڈیڑھ سال کے دوران پیڈمک پانچ لاکھ افراد کو روزگار فراہم کریگی ۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب انڈسٹریل اسٹیٹس کی صنعتکاری کے لئے فروغ کی کوششوں سے نہ صرف روزگار کے مواقع میں اضافہ بلکہ صوبہ پنجاب کی مجموعی داخلی پیداوار میں اضافہ ہوگا۔
واضح رہے کہ پیڈمک پہلے ہی ون ونڈو آپریشن کے تحت سرمایہ کاروں کو گائڈ لائین دینے اور سرمایہ کاری کے بارے میں شعبوں کے انتخاب کیلئے راہنمائی فراہم کر رہی ہے۔ ۔