پی ایس ایل فائنل میں عوام سرخرو ، دہشتگردوں اور انتہا پسندوں کو شکست ہوئی :شہباز شریف

 لاہور(جنرل رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ پاکستان کی نصف آبادی خواتین پر مشتمل ہے اور انہیں بااختیار بنائے اور ترقی کے یکساں مواقع فراہم کئے بغیر ملک آگے نہیں بڑھ سکتا اور نہ ہی ترقی کی منازل تیزی سے طے کر سکتا ہے۔ اسی مقصد کے پیش نظر پنجاب حکومت نے خواتین کی ترقی اور انہیں بااختیار بنانے کیلئے ایسے تاریخ ساز اقدامات کئے ہیں جن کی ماضی میں کوئی مثال نہیں ملتی۔ پنجاب حکومت نے صنفی مساوات کی پہلی رپورٹ شائع کرکے جنوبی ایشیا میں سبقت لی اور اس رپورٹ کی روشنی میں خواتین کی فلاح و بہبود کیلئے بے مثال اقدامات کئے گئے اور آج صنفی مساوات 2017 کی رپورٹ بھی جاری کری گئی ہے۔ پنجاب میں خاتون محتسب کے ادارے کا قیام، جائیداد میں وراثتی حق یقینی بنانے، سرکاری محکموں میں خواتین کیلئے ملازمت کا کوٹہ 15 فیصد مختص کرنے اور اس ضمن میں لینڈ مارک قانون بنانے جیسے انقلابی اقدامات کئے گئے ہیں۔ پنجاب ایجوکیشنل انڈومنٹ فنڈ کے ذریعے وظائف حاصل کرنے والے پونے دو لاکھ پیف سکالرز میں خواتین کی بڑی تعداد شامل ہے، اسی طرح پنجاب کے 700 تھانوں میں خواتین کیلئے خصوصی ڈیسک بنائے گئے ہیں۔ جنوبی پنجاب کے سکولوں میں طالبات کا ماہانہ وظیفہ ایک ہزار روپے کر دیا گیا ہے۔ شہبازشریف نے ان خیالات کا اظہار دوسری پنجاب صنفی مساوات رپورٹ (Punjab Gender Parity Report 2017) کے اجراء کے موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ، صوبائی وزراء بیگم ذکیہ شاہنواز، عائشہ غوث پاشا، حمیدہ وحیدالدین، راجہ اشفاق سرور، پنجاب کمیشن برائے حقوق خواتین کی چیئرپرسن فوزیہ وقار، اراکین اسمبلی، پنجاب کے اعلیٰ حکام، متعلقہ سیکرٹریز، این جی اوز کے نمائندوں اور خواتین کی بڑی تعداد نے تقریب میں شرکت کی۔وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج ایک اہم دن ہے جب پنجاب حکومت نے صنفی مساوات کی دوسری رپورٹ جاری کر دی ہے اور اس رپورٹ کی تیاری میں پنجاب کمیشن برائے خواتین کی چیئرپرسن، ان کی ٹیم اور متعلقہ اداروں کی کاوشیں لائق تحسین ہیں۔ انہوں نے کہا کہ خواتین ہماری آبادی کا نصف ہیں اور انہیں ترقی کے عمل میں شامل کرنے سے ہی پاکستان خوشحالی کی منزل حاصل کرسکتا ہے۔ صنفی مساوات رپورٹ 2016 کی اشاعت پنجاب حکومت کا بڑا کارنامہ ہے اور ہماری کوشش ہوگی کہ مستند ڈیٹا حاصل ہو جس کی روشنی میں مزید موثر اقدامات کئے جاسکیں۔ گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ شہبازشریف کی قیادت میں پنجاب حکومت نے خواتین کی فلاح و بہبود اور انہیں بااختیار بنانے کیلئے قابل تحسین اقدامات کئے ہیں۔ گورنر نے میچ کے کامیاب انعقاد پر پاک فوج، رینجرز، پولیس، سکیورٹی اداروں اور متعلقہ محکموں کی کاوشوں پر انہیں مبارکباد دی۔ صوبائی وزیر ترقی خواتین حمیدہ وحیدالدین نے جینڈر پیرٹی رپورٹ 2017، خواتین کو بااختیار بنانے کے حوالے سے اٹھائے گئے اقدامات پر تفصیل سے روشنی ڈالی۔ پنجاب کمیشن برائے حقوق خواتین کی چیئرپرسن فوزیہ وقار نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جینڈر مینجمنٹ انفارمیشن سسٹم پر روشنی ڈالی۔ وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے پنجاب جینڈر پیرٹی 2017 کا باقاعدہ اجراء کیا اور رپورٹ تیار کرنے والوں میں شیلڈز تقسیم کیں۔دوسری طرفشہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان سپرلیگ کا فائنل میچ ماؤں ، بہنوں ، بیٹیوں اور بزرگوں کی دعاؤں سے کامیابی سے ہمکنار ہوا ہے ۔ اس میگا ایونٹ کے کامیاب انعقاد پر پوری قوم اللہ تعالی کے حضور سر بسجود ہے ۔ بلا شبہ یہ صرف کرکٹ کا مقابلہ نہیں تھا بلکہ یہ میچ پاکستان کے دشمنوں کے خلاف تھا ۔ اللہ تعالی کے فضل و کرم سے اس مقابلے میں پاکستان کے 20 کروڑ عوام سرخرو ہوئے ہیں ۔ اس میچ میں پاکستان جیتا ہے اور اس کے دشمن کی ہار ہوئی ہے ۔ پاکستان کو کامیابی ملی ہے جبکہ اس کے مخالفوں، دہشت گردوں اور انتہاپسندوں کو شکست ہوئی ہے ۔ کامیاب میچ کا انعقاد امن کے دشمنوں کیلئے واضح پیغام ہے کہ دہشت گرد اور انتہا پسند ملک چھوڑجائیں ورنہ وہ تباہ ہو جائیں گے۔ پاکستان ہمیشہ قائم رہے گا اور ترقی یافتہ ممالک کی صف میں شامل ہو گا اور وہ دن ضرور آئے گا جب پاکستان سے دہشت گردی اور انتہاپسندی کا مکمل خاتمہ ہو جائے گا اور یہ ملک صحیح معنوں میں قائد کا پاکستان بنے گا ۔ فائنل میچ میں پشاور سے کراچی تک پوری قوم یکجان دو قالب نظر آئی اورقومی وحدت کا بھرپور اظہار ہوا۔ میچ دیکھنے کے لئے پورے پاکستان سے لوگ لاہور آئے اور ہر طرف جشن کا ساسماں تھااور پورا پاکستان قائد کے خوابوں کی تصویر پیش کر رہا تھا۔ وزیر اعلی محمد شہباز شریف نے ان خیالات کا اظہار پاکستان سپر لیگ کے فائنل میچ کے کامیاب انعقاد کے حوالے منعقدہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔صوبائی وزراء رانا ثناء اللہ ، مجتبی شجاع الرحمن ، زعیم حسین قادری، جہانگیر خانزادہ ، مشیر ملک محمد احمد خان ، چیف سیکرٹری ، ایڈیشنل چیف سیکرٹری ہوم، انسپکٹر جنرل پولیس اور پنجاب کے اعلی حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔ وزیر اعلی محمد شہباز شریف نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پی ایس ایل کے لاہور میں فائنل میچ کے انعقاد کیلئے باہمی مشاورت سے فیصلہ کیا گیا۔وزیر اعظم محمد نواز شریف نے اس میچ کے انعقاد کے حوالے سے نئی امید باندھی اور بھرپور تعاون کیا۔ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اور کور کمانڈر لاہور نے بھی میچ کے انعقاد کے حوالے سے بھرپور تعاون کیا۔ہم کل کے میگا ایونٹ کی کامیابی ان شہیدوں اور غازیوں کے نام کرتے ہیں۔ شہبازشریف سے خیبرپختونخوا کے گورنر ظفر اقبال جھگڑا نے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ گورنر خیبرپختونخوا نے پاکستان سپر لیگ کے کامیاب انعقاد پر وزیراعلی پنجاب کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان سپر لیگ کا کامیاب انعقاد کرکے وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے ایک مرتبہ پھر اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا ہے۔ پی ایس ایل فائنل کے بہترین انتظامات پرپنجاب حکومت اور متعلقہ ادارے مبارکباد کے مستحق ہیں۔ وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان سپر لیگ فائنل میچ کے کامیاب انعقاد پر پوری قوم کو مبارکباد دیتا ہوں۔

شہباز شریف