خواتین کے عارضی رہائشی منصوبے کے سلسلے میں آگاہی سیمینار

لاہور(لیڈی رپورٹر)پنجاب کمیشن برائے حقوق خواتین لاہور کے زیر اہتمام خواتین کیلئے عارضی رہائش منصوبے کے تحت دارالفلاح ٹاؤن شپ میں آگاہی سیمینار منعقد ہوا۔ جس کا بنیادی مقصد شرکاء کو خواتین کے حقوق اور قوانین سے متعلق مکمل معلومات فراہم کرنا تھا۔اس موقع پر عورت فاؤنڈیشن کی جانب سے سمیرا سلیم نے کہا کہ خواتین کے حقوق کی خلاف ورزی عام مشاہدے میں شامل ہے جسکی وجہ سے یکساں صنفی مساوات کا نظام گڑبڑ کا شکار ہے۔ لہذٰاخواتین کو مناسب نمائندگی ملنی چاہیے تاکہ وہ فیصلہ سازی کے عمل میں اپنا فعال کردار ادا کر سکیں اور معاشرے کی فلاح وبہبودکیلئے ہر سطح پر اپنا صلاحیتوں کا لوہا منوا سکیں۔ اس دوران پنجاب کمیشن برائے حقوق خواتین لاہور کی پراجیکٹ مینیجر زینب جعفری نے کہا کہ معاشرتی و معاشی تحفظ کیلئے خواتین کو سخت اور مسلسل جدوجہد کا سامنا ہے اور یہی وقت کی اہم ضرورت ہے کہ صوبے کی آبادی کے اس بڑے حصے کی اہمیت کو موثر انداز سے اجاگر کیا جائے تاکہ خواتین تمام سہولیات کا بھرپور فائدہ اٹھا سکیں۔