بھارت بطور ریاست پاکستان میں دہشتگردی میں ملوث ہے،علامہ ریاض

لاہور (ایجوکیشن رپورٹر)جماعت اہلسنّت پاکستان کے مرکزی ناظم اعلی علامہ پیر سید ریاض حسین شاہ نے کہا ہے کہ بھارت بطور ریاست پاکستان میں دہشتگردی میں ملوث ہے۔ کل بھوشن اور احسان اللہ احسان کے انکشافات نے بھارتی دراندازی کو بے نقاب کردیا ہے۔ آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی میں تحفظ ختم نبوت کی قرار داد کی منظور ی خوش آئند ہے۔ بھارتی مظالم چھپانے کیلئے مقبوضہ کشمیر میں سوشل میڈیا کو بلاک کیا گیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتفاق مسجد ماڈل ٹاؤن لاہور میں جمعہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ علامہ سید ریاض حسین شاہ نے مزید کہا کہ شعبان نبی کریم کا محبوب ترین مہینہ ہے۔ شعبان گناہوں سے نجات کا مہینہ ہے۔ نیکیوں کا موسم بہار شروع ہو چکا ہے۔