وائزتنظیم کے زیر اہتمام خواتین کونسلرز کاپہلااجلاس

لاہور(لیڈی رپورٹر)وائز ( وویمن ان سٹرگل فار ایمپاورمنٹ تنظیم کے زیر اہتمام خواتین کونسلرز کاپہلا سیشن پنجاب کمیشن برائے حقوق خواتین لاہورکے اشتراک سے منعقد ہوا جس میں تیس (30)منتخب خواتین کونسلرز نے شرکت کی۔ اس اجتماع کا بنیادی مقصد مقامی سطح پر صنفی مساوات، قوانین اور حقو ق سے متعلق آگہی فراہم کرنا ہے تا کہ خواتین کے مسائل کو مکمل توجہ کے ساتھ اجاگر کیا جا سکے۔ اس دوران چیئرپرسن پی سی ایس ڈبلیو لاہور فوزیہ وقار نے شرکاء سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ خواتین کو با اختیار بنانے میں ہراول دستے کا کردار ادا کرنا ہوگا ۔انہوں نے کہا کہ منتخب نمائندگان پر دہری ذ مہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ عوام الناس کی خدمت کر نے کے ساتھ ساتھ بالخصوص بنیادی سطح پر اپنا کردار ادا کر کے انکے حقوق کو تحفظ مہیا کریں ۔چیئرپرسن نے شرکاء کو پنجاب کمیشن اسکے قیام، امور ، زیر انتظام منصوبے اور ہیلپ لائن1043 کی کار کردگی کے حوالے سے مکمل بریف کیا۔ اور بتایا کہ کمیشن خواتین کے وقار میں اضافہ کرنے کیلئے دوسرے اداروں سے بھی مضبوط اور دیر پا روابط قائم کر رہا ہے۔اس موقع پر وائز کی ایگزیکٹیو ڈائریکٹر بشریٰ خالق نے کہا کہ وائز نہ صرف خواتین کے قوانین کی ترویج کر رہا ہے بلکہ مختلف تربیتی نشستوں کا اہتمام بھی کر رہا ہے ۔

جس کی بدولت ابھی تکاس سلسلے میں وائز پنجاب کے دو اضلاع لاہور اور ننکانہ صاحب کے(650)سے زائد منتخب خواتین کونسلرز کو تربیت دے چکا ہے۔ انہوں نے پی سی ایس ڈبلیو لاہور کے خواتین کے حقوق کیلیے کردار کو سراہا۔ آخر میں سوال و جواب کی نشست بھی ہوئی جس کا اختتام شرکاء کی تسلی بخش جوابات پر ہوا۔