موجودہ طبقاتی نظام تعلیم کی ناقص کارکردگی کے ذمہ دار ہمارے حکمران ہیں، ذکر اللہ مجاہد


لاہور ( پ ر) امیر جماعت اسلامی لاہور ذکر اللہ مجاہد نے کہا ہے کہ موجودہ طبقاتی نظام تعلیم کی ناقص کارکردگی کے ذمہ دار ہمارے حکمران ہیں۔ ان خیالات کا اظہار گذشتہ روز انہوں نے الخدمت فاؤنڈیشن لاہور کے ذمہ داران سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اجلاس سے انجینئر خالد عثمان ، صدر الخدمت فاؤنڈیشن لاہور عبدالعزیز عابد ، انجینئر احمد حماد ، راحیل چوہدری ، قاسم اقتداء اور محمد طیب نے شرکت کی۔ذکر اللہ مجاہد نے کہاکہ پاکستان میں صرف تعلیم کا شعبہ ہی نہیں بلکہ ہر شعبے میں یہی مسئلہ ہے جو بے لگام منافع خوری کی طرف مائل ہے۔انہوں نے کہا کہ ملک میں دوہرے تعلیمی معیار نے نوجوان نسل میں احساس کمتری پیدا کررکھی ہے اورہمارے ملک کا تعلیمی نظام اور شعبہ مکمل طور پر تضادات کا شکار ہے اور نجی تعلیمی اداروں کا معاملہ ساہوکاری اور بنیا گیری بن چکا ہے ۔جن میں تعلیم کے نام پر والدین سے بھاری فیسوں کے ساتھ مختلف چارجز وصول کیے جا رہے ہیں جس کی وجہ سے غریب اور عام آدمی کے بچوں سے پڑھائی کوسوں دور ہوچکی ہے اور جو والدین اپنا پیٹ کاٹ کر بچوں کو پڑھا رہے ہیں ان کے ساتھ سکول مالکان تعلیم کے نام پرلوٹ مار کر رہے ہیں ۔