امن وآشتی اور بنیادی حقوق کیلئے ہرسطح پر انصاف عام کرنا ہوگا، ناصر اقبال

لاہور( لیڈی رپورٹر) ہیومن رائٹس موومنٹ کے مرکزی صدرمحمدناصراقبال خان،چیف آرگنائزر میاں محمدسعید کھوکھرایڈووکیٹ، سیکرٹری جنرل محمدرضاایڈووکیٹ ،سینئر نائب صدور ندیم اشرف،تنویرخان ،روحی بانوکوکھرایڈووکیٹ ،سلمان پرویز،آرگنائزر جاویدیوسف ،مرکزی نائب صدور ناصرچوہان ایڈووکیٹ، ممتاز حیدر اعوان ،محمدشاہدمحمود ،صدر پنجاب محمدیونس ملک،نائب صدرشبیر حسین ،صدرنیویارک محمد جمیل گوندل،صدرمدینہ منورہ سرفرازخان نیازی،صدرکراچی یونس میمن ،صدر چنیوٹ راناشہزادٹیپو ،صدرفیصل آبادندیم مصطفی اورصدرقصور میاں اویس علی نے کہا ہے کہ اِنصاف میں دیراندھیر کے مترادف ہے ۔انصاف اورسچائی تک رسائی کے نظام میں اس قدرپیچید گی برداشت نہیں کی جاسکتی۔امن وآشتی اور بنیادی حقوق کی بازیابی کیلئے ہرسطح پر انصاف عام کرنا ہوگا۔انصاف کی عدم فراہمی کے سبب معاشرے میں قانون کاڈر ختم ہوگیا جس کے نتیجہ میں عدم برداشت اورتشدد کے واقعات عام ہوگئے ہیں ۔طاقتور طبقہ دھڑلے سے کمزورکاحق ہڑپ کرجاتا ہے مگرقانون استحصالی طبقات پرگرفت کرنے کی سکت نہیں رکھتا ۔ جہاں انصاف قیمت یاقسمت سے ملے وہاں بگاڑپیداہوتے ہیں۔ہمارے ہاں مدعی مسلسل کئی برسوں تک سماعت کے نتیجہ میں مقدمات سے زیادہ ہمت ہارجاتے ہیں۔پاکستان میں اِنصاف کانظام بہت کٹھن اورمہنگا ہے ،اس کو زیادہ سے زیادہ سہل بنایاجائے۔جس طرح پاناما لیک کی تحقیقات کیلئے بنائی گئی جے آئی ٹی کودو ماہ کاٹائم فریم دیا گیا اس طرح دوسرے مقدمات کی سماعت اورفیصلے کرنے کیلئے بھی معیادمقررکی جائے ۔ہر مہذب اورکامیاب ریاست میں برسر اقتدار افراد کی مرضی ومنشاء نہیں بلکہ آئین کے تحت دوررس فیصلے ہوتے ہیں۔ انصاف کی بروقت فراہمی سے معاشروں کو کئی پیچیدہ مسائل سے بچایاجاسکتا ہے ۔وہ ایک اجلاس سے خطاب کررہے تھے ۔محمدناصراقبال خان اورمیاں محمدسعیدکھوکھر نے مزید کہا کہ شہریوں میں بنیادی حقوق کاشعوربیدارکرنے کیلئے تعلیمی نصاب کاسہارا لیا جائے ۔جہاں شہریوں میں اپنے حقو ق بارے آگہی پیداکی جائے وہاں انہیں اپنے اپنے فرض کی بجاآوری کادرس بھی دیاجائے ۔انہوں نے کہا کہ اداروں میں چوری اورکام چوری نے متعدد مسائل کاجنم دیا ہے ۔شہریوں کوجائز کام کیلئے بھی سرکاری دفاتر میں خوارکیاجاتا ہے ،اس مجرمانہ روش کاسدباب کیاجائے۔