لاہور(اپنے نمائندے سے)ڈسٹرکٹ اوورسیز پاکستانیز کمیٹیوں کی کارکردگی کا جائزہ لینے کے حوالے سے ایڈیشنل چیف سیکرٹری پنجاب شمائل احمد خواجہ اور کمشنر اوورسیز پاکستانیز کمیشن (اوپی سی )پنجاب افضال بھٹی کی زیر صدارت اجلاس منعقد ہوا۔ڈائریکٹر جنرل سید جاوید اقبال بخاری اور ایڈیشنل ڈی جی پولیس آغا محمد یوسف اس موقع پر موجود تھے جبکہ بہاولپور،بہاولنگراور رحیم یارخان اضلاع کے سول و پولیس حکام ویڈلنک کے ذریعے اجلاس میں شامل ہوئے۔ایڈیشنل چیف سیکرٹری پنجاب شمائل احمد خواجہ نے صوبے کے سول اور پولیس حکام کوہدایت کی کہ سمندرپار مقیم پاکستانیوں کی شکایات پر ہونے والی کارروائی کو باقاعدگی سے او پی سی کے ویب کمپلینٹ پورٹل پر اپ لوڈ کیا جائے تاکہ شکایت کنندہ کو اس حوالے سے اپ ڈیٹ کیا جاسکے ۔انہوں نے کہا کہ اوورسیز پاکستانی ملک کی معیشت کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کررہے ہیں ا ور ان کے مسائل کا حل حکومت کی ترجیحات میں سرفہرست ہے۔ کمشنر اوپی سی، افضال بھٹی نے اس موقع پر کہا کہ زیر التواء شکایات کے حل کے لیے ضلعی اور پولیس حکام کا بھر پور عملی تعاون ضروری ہے جبکہ ڈسٹرکٹ اوورسیز کمیٹیوں کا کردار بھی اس ضمن میں خصوصی اہمیت کا حامل ہے ۔ انہوں نے اجلاس کو بتایا کہ اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کیے جارہے ہیں اور اس ضمن میں ایک جامع پالیسی پر عمل درآمد کیا جارہاہے۔ اجلاس کے دوران اوورسیز پاکستانیوں کی متعدد شکایات پر تفصیلی غور وخوض کیا گیا اور ایڈیشنل چیف سیکرٹری پنجاب شمائل احمد خواجہ اور کمشنر اوپی سی افضال بھٹی نے ان کے حل کے لیے موقع پر ضروری ہدایات بھی جاری کیں۔