خواتین کو با اختیار بنانے کیلئے حکومت پنجاب نے اہم اقدامات کئے ہیں، حمیدہ وحید

لاہور( لیڈی رپورٹر)صوبائی وزیر برائے ترقی خواتین حمیدہ وحیدالدین نے کہا ہے کہ خواتین کو با اختیار بنانے کے لئے حکومت پنجاب نے اہم اقدامات کئے ہیں جو دور رس نتائج کے حامل ہیں۔وہ پنجاب کمیشن برائے مقام خواتین کے زیر اہتمام لاہور چیمبر اینڈ انڈسیز میں وویمن لیڈر شپ کے موضوع پر ورکشاپ سے خطاب کر رہی تھیں۔جس میں صوبائی کمیشن برائے مقام خواتین کی چےئر پرسن فوزیہ وقار کے علاوہ خواتین ایم پی ایز چیمبر کے صدر عبدالباسط ،وویمن چیمبر کی سابق صدر ڈاکٹر شہلا جاوید اکرم ا ور چیمبر کی اراکین نے بھر پور شرکت و خطاب کیا اور پنجاب حکومت کے محکمانہ بورڈز اور کمیٹیوں میں خواتین کی تعداد 33فیصدکرنے کے حوالے سے اظہار خیال کیا۔صوبائی وزیر نے کہا کہ خواتین ملکی ترقی میں فعال کردار ادا کر رہی ہیں ان کی صلاحیتوں کو مد نظر رکھتے ہوئے انہیں فیصلہ سازی کے عمل میں موثر نمائندگی دی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب کے تمام بورڈز کمیٹیوں اور خود مختار اداروں میں خواتین کی33فیصد نمائندگی کو یقینی بنایا جا رہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ جب تک معاشرتی مائنڈ سیٹ میں مثبت تبدیلی نہیں آئے گی معاشرتی مسائل اور امتیازی رویے ملکی ترقی کو متاثر کرتے رہیں گے۔خواتین کمیشن کی چےئرپرسن فوزیہ وقار نے کہا کہ تمام بورڈز اور کمیٹیوں میں خواتین کی 33 فیصد نمائندگی سے اداروں کو تقویت حاصل ہو گی اور صنفی مساوات کو فروغ حاصل ہو گا ۔انہوں نے کہا خواتین مردوں کے شانہ بشانہ ہر شعبہ زندگی میں اہم کردار ادا کر رہی ہیں اور حکومت ان کی ترقی اور فلاح وبہبود کے لئے اہم عملی اقدامات کر رہی ہے۔چیمبر کے صدر عبدالباسط نے اپنے خطاب میں کہا کہ چیمبر خواتین کو معاشی طور پر با اختیار بنانے کے لئے کوشاں ہے۔ کیونکہ مضبوط معشیت ہی ملکی ترقی کی ٹھوس بنیاد ہے ۔ڈاکٹر شہلا جاوید اکرم نے کہا کہ خواتین معاشرے کی ترقی کے لئے گرانقدر خدمات سرانجام دے رہی ہیں انہوں نے محکمہ ترقی خواتین اور خواتین صوبائی کمیشن کی کوششوں کو سراہا ۔