لاہور(کامرس رپورٹر)فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری(ایف پی سی سی آئی) ریجنل قائمہ کمیٹی برائے’’ ہومیو پیتھک اینڈ الٹرنیٹو میڈیسن کے چےئرمین وڈبلیوایس ہومیو پیتھک فارمیسی اینڈ ریسرچ سنٹر کے سی ای او اور لاہور چیمبر آزاد گروپ کے سرپرست اعلیٰ ڈاکٹر احسن وارث اور کینسر کے عالمی شہرت یافتہ ڈاکٹر احسان الرحمن نے غیر سیاسی فلاحی تنظیم حب اللہ کے باہمی اشتراک سے لاہور میں ’’کینسر ڈرگ بنک‘‘کا افتتاح کر دیا۔فلاحی تنظیم حب اللہ کے صدر ڈاکٹر احسان الرحمان اور ڈاکٹر احسن وارث نے مشترکہ بیان میں کہاکہ پاکستان بھر میں بے شمار کینسر ہسپتال ہیں مگر کینسر کے مریضوں کے پاس دوائیوں کے پیسے نہیں ہوتے، کینسر ہسپتال علاج کے لیے اہم ہے مگرکینسر کی ادویات کی اہمیت ہسپتال سے زیادہ ہے۔اس موقع پر ڈاکٹر احسن وارث نے کہا کہ کینسر کی ادویات بہت مہنگی ہیں اور پاکستان میں غریب اور نادر مریضوں کے لیے اتنی مہنگی ادویات ان کی قوت خرید سے باہر ہے۔اس مسئلہ کے پیش نظر رکھتے ہوئے پاکستان میں اپنی نوعیت کا پہلا پراجیکٹ آزاد گروپ (لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری) اور تنظیم حب اللہ کے باہمی اشتراک سے عمل میں لایا گیا ہے۔
اس سے ادویات مریضوں کے گھر خود پہنچائی جائیں گی۔انہوں نے مزید کہاکہ ڈبلیوایس ہومیو پیتھک فارمیسی اینڈ ریسرچ سنٹر کے زیر اہتمام الٹرنیٹو میڈیسن کے بہت سارے نئے ریسرچ پراجیکٹ پر کام جاری ہے،ایف پی سی سی آئی کے پلیٹ فارم سے غریب مریضوں کے لئے مفت ادویات کیمپ کا بھی اہتمام کیا جائے گا۔پاکستان میں اس نوعیت کایہ پہلا پراجیکٹ ہے۔افتتاح کے موقع پر اصغر ندیم سید،امجد اسلام امجد،عرفان گھوسٹ،آمنہ پٹودی اورتمام شعبہ زندگی سے لوگوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔اس موقع پر الحمرا آرٹ کونسل کے ڈائریکٹر کیپٹن (ر)آغا عدنان نے کہاکہ تنظیم حب اللہ کے عظیم مقاصد میں وہ شانہ بشانہ ساتھ چلیں گے۔آل پاکستان کسٹمز ایسوسی ایشن کے چےئرمین امجد چوہدری چےئرمین آزاد گروپ لاہور چیمبر سید سلما ن،محمد یسٰین،میاں جاوید علی،سابق صدر لاہور چیمبرکاشف انور،اعجاز خان،عمران بخاری،صدام علی،محمد جاویدبھٹی او ر دیگر شخصیات کی طرف سے شرکت کی۔