لاہور(کامرس رپورٹر)رواں مالی سال 2016۔17ء کے پہلے دس ماہ کے دوران 1.098 ملین ٹن دالیں درآمد کی گئیں جبکہ گذشتہ مالی سال کے اسی عرصہ کے دوران7 لاکھ52 ہزار172 ٹن دالیں درآمد کی گئی تھیں اس طرح بلحاظ وزن دالوں کی درآمدمیں 34.25 فیصد اضافہ ہوا۔ ہول سیلرز گراسرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین انیس مجید نے کہا ہے کہ رواں سال دالوں کا درآمدی بل834 ملین ٹن تک بڑھ گیا جبکہ گذشتہ مالی سال کے اسی عرصہ کے دوران485 ملین ٹن کی دالیں درآمد کی گئی تھیں۔انہوں نے کہا کہ درآمدی بل میں اضافہ کا بنیادی سبب دالوں کی عالمی مارکیٹ میں قیمت میں ہونے والا نمایاں اضافہ ہے جو گذشتہ سال کی اوسط قیمت645 ڈالر فی ٹن سی759 ڈالر فی ٹن تک بڑھ گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دالوں کی مجموعی درآمدات میں چنے کی درآمدات کا حصہ70 فیصد ہے اور ملک میں سالانہ 7لاکھ50 ہزار ٹن چنے کی کھپت ہوتی ہے۔ رواں سال چنے کی مقامی پیداوار2لاکھ25 ہزار ٹن سے 2 لاکھ 50 ہزار ٹن رہی ہے جبکہ گذشتہ سال چنے کی پیداوار3 لاکھ25 ہزار ٹن سے 3 لاکھ50 ہزار ٹن رہی تھی اس طرح چنے کی مقامی پیداوار میں کمی کے باعث دالوں اورخصوصاً چنے کی درآمدات میں اضافہ ہوا ہے۔